• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین جاپانی اداروں نےپاکستان میں کام کرنا شروع کردیا

Three Japanese Companies Started To Work In Pakistan
سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہونے پر جاپان کی ایک موٹر ساز کمپنی سمیت تین اداروں نے پاکستان میں کام شروع کردیا ہے جبکہ دیگر کئی ادارے بھی پاکستان میں انوسٹمنٹ کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

یہ انکشاف جاپانی خارجہ امور کے وزیر مملکت مسٹر نوباو کی شی سے جاپانی صنعت کاروں اور تاجروں کی کراچی میں ملاقات کے دوران ہوا۔

جاپانی وزیر مملکت مسٹر نوباو کی شی پاکستان کے دو روزہ دورے کے بعد گزشتہ رات کراچی سے جاپان روانہ ہوگئے ہیں۔ جاپانی قونصل جنرل توشی کازو ایسومورو نے جنگ کو بتایا کہ پاکستان میں کام کرنے والے جاپانی تاجروں نے کراچی میں جاپانی قونصل جنرل کی رہائش گاہ جاپان ہاؤس میں مسٹر نوباو کی شی سے ملاقات کی۔

اس دوران پاکستان میں جاپانی انوسٹمنٹ، اداروں کے امور اور سیکورٹی کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ایشومورا کے مطابق پاکستان میں قیام امن کے بعد اقتصادی ماحول بہت اچھا ہوا ہے جس پر جاپانی اداروں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جاپانی موٹر سائیکل ساز کمپنی ماضی میں ایک اور ادارے کے اشتراک سے کام کررہی تھی جو واپس چلی گئی تھی۔ اب یہ کمپنی پاکستان واپس آگئی ہے اور کراچی میں پورٹ قاسم کے قریب پلانٹ قائم کرکے کام شروع کردیا ہے۔

قونصل جنرل جاپان کے مطابق عالمی شہرت یافتہ خشک دودھ بنانے والے ایک جاپانی ادارے نے بھی پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں پلانٹ لگانے کا کام شروع کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس پاکستان میں کام کرنے والے جاپانی اداروں کی انتظامیہ اور جاپانی تاجر کثرت سے آرہے ہیں جو پاکستان میں انوسٹمنٹ میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں اور پاکستان میں کام کیلئے تیار ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 1998 میں پاکستان کی جانب سے ایٹمی دھماکوں سے قبل جاپان اور پاکستان کے مابین تعلقات انتہائی دوستانہ تھے۔

دھماکوں کے بعد تعلقات میں سرد مہری آگئی تھی تاہم اب پاکستانی تاجروں نے گورنر ہاوس کراچی میں نوباو کی شی سے ملاقات کی تو پہلے کی طرز کے تعلقات کے قیام پرزور دیا گیا۔

جاپان کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے 58 سالہ نوباو کی شی جاپان کے تیسری مرتبہ موجودہ وزیر اعظم مسٹر شنزو آبے کے چھوٹے بھائی ہیں جنہوں نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان کے مزار پر پھول پیش کئے وہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات کراچی سے واپس جاپان روانہ ہوگئے۔
تازہ ترین