• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔میں نے بی ایس سی مینوفیکچرنگ مینجمنٹ پاکستان سے کیا ہے۔ اور اب میں ماسٹرز کرنا چاہتا ہوں۔ لیکن میں مینوفیکچرنگ مینجمنٹ کا انتخاب نہیں کرنا چاہتا ۔مجھے آپ کا مشورہ چاہئے کہ میں کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کروں۔ (شبیر ظہیر۔کراچی)
ج۔آپ کی موجودہ تعلیم کے حوالے سے متعلق کافی اسپیشلائزیشن موجود ہیں۔ ان میں سے پروجیکٹ مینجمنٹ یا ایم بی اے میں آپ جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مارکیٹنگ میں بھی آپ جاسکتے ہیں۔ اگر آپ کی دلچسپی مینوفیکچرنگ انڈسٹری سے متعلق کسی پروڈکٹ کی ڈویلپمنٹ یا سیلز کے حوالے سے ہو۔ یہ تمام اسپیشلائزیشن پاکستان کی تقریباً سب ہی یونیورسٹیوں میں موجود ہیں۔ اگر آپ کسی بیرون ملک کی یونیورسٹی کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں۔ تو آپ باآسانی یہ کورسز تلاش کرسکتے ہیں۔
س۔سر میں بچپن سے ہی سائنس کے مضامین کے حوالے سے مشکلات کا شکار ہوں۔ اسی لئے ایف اے کرنے کے بعد میرے پاس سوشل سائنسز کے مضامین کے انتخاب کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں تھا۔ اب میں اپنا بی ایس سائیکالوجی میں مکمل کررہا ہوں۔ کیا مجھے سائیکالوجی کی فیلڈ میں ہی آگے جانا چاہئے۔ یا میں کسی اور اسپیشلائزیشن کا انتخاب کروں۔ (جواد زاہد۔لاہور)
ج۔سائیکالوجی ایک بہترین سبجیکٹ ایریا ہے۔ اور ماسٹر ز کے حوالے سے آپ چائلڈ سائیکالوجی ، آکوپیشنل سائیکالوجی یا ایجوکیشنل سائیکولوجی میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں اور ان میں آپ کو آگے بڑھنے کے بہترین مواقع میسر ہونگے۔ اس کے علاوہ سائیکولوجی کی فیلڈ میں ایک مزید ابھرتا ہوا سبجیکٹ ایریا ہے جسے فارنسک سائیکولوجی کہا جاتا ہے۔ لیکن ان اسپیشلائزیشن میں سے کسی ایک کا انتخاب آپ کی اپنی دلچسپی پر منحصر ہے ۔ یا بیچلر میں ان سے متعلقہ سبجیکٹ پر آپ کی کتنی کمانڈ ہے۔
س۔میرا بیٹا او لیول اسی جون میں مکمل کر رہا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اسے اے لیول نہیں کرنا ۔میرے چند ساتھیوں نے مشورہ دیا ہے کہ میں اپنے بیٹے کو ایف ایس سی یا انٹرمیڈیٹ میں ڈالنے کی بجائے یو کے یا آسٹریلیا فائونڈیشن پروگرام کیلئے بھیج دوں۔ کیا یہ صحیح ہے اور فائونڈیشن کیلئے مجھے کس یونیورسٹی کا انتخاب کرنا چاہئے۔ اور کیا یہ فائونڈیشن پاکستان میں منظور شدہ ہے یا نہیں۔ (عائشہ عمر۔اسلام آباد)
ج۔اگر آپ کا بیٹا اے لیول نہیں کرنا چاہتا اور آپ اسے انٹرمیڈیٹ نہیں کروانا چاہتیں تو فائونڈیشن کا روٹ بالکل صحیح ہے انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپس نے فائونڈیشن یا ایکسس پروگرام ان اسٹوڈنٹس کے لئے متعارف کروایا ہے جن کے پاس اے لیول یا انڈر گریجویٹ میں جانے کیلئے متعلقہ کوالیفکیشن نہیں ہوتی۔ فائونڈیشن میں طلبا او لیول ،اے ایس لیول یا انٹرمیڈیٹ کے بعد بھی اپلائی کرسکتے ہیں۔ فائونڈیشن پروگرام کا دورانیہ ایک سال کا ہوتا ہے لیکن کچھ یونیورسٹیوں میں ڈیڑھ سال یا دو سال کا دورانیہ بھی ہوتا ہے۔ جس کے بعد طالب علم بیچلر کے پہلے سال یا دوسرے سال سے اپنی تعلیم شروع کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔ فائونڈیشن یوکے یا آسٹریلیا دونوں جگہ سے کیا جاسکتا ہے اور اس کے بعد طالب علم انڈرگریجویٹ میں داخلہ لینے کے اہل ہوتے ہیں۔ فائونڈیشن اور انڈر گریجویٹ یوکے یا آسٹریلیا سے کرنے کے بعد بچے کو ایکویلینس لینے کی ضرورت پیش نہیں آتی کیونکہ ان ملکوں کی کوالیفکیشن پوری دنیا میں مانی جاتی ہے۔

.
تازہ ترین