• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی ترقی کے معاملے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے، وزیر اعظم

Development Should Not Be Politicised Pm Nawaz Sharif
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ توانائی کی ضروریات پوری کرنےکیلئے اقدامات کررہے ہیں، وفاق سمیت تمام صوبوں کی یکساں ترقی کےلیے کوشاں ہیں، ملکی ترقی کے معاملے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

وزیراعظم نواز شریف نے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ قومی اقتصادی کونسل نے وفاق اور صوبوں کے لیے 2 ہزار 113 ارب روپے کےریکارڈ ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک کی ترقی کےلیے اتفاق رائے سے آگے بڑھ رہی ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے اہم اجلاس میں پانچوں وزراء اعلیٰ، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں وفاق کا ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ایک ارب روپے جبکہ صوبوں کا ترقیاتی بجٹ ایک ہزار 112 ارب روپے رکھا گیا۔ پی ایس ڈی پی کی مد میں 866 ارب روپے جبکہ 135 ارب روپے خصوصی اقدامات کے لیے مختص کیے جائیں گے۔

قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کےلیے جی ڈی پی کا ہدف 6 فیصد مقرر کیےجانے کی منظوری بھی دے دی ۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار صوبوں کے ترقیاتی بجٹ میں 3 گنا اضافہ کیاگیاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کےایجنڈے پر سب کو ایک ہونا چا ہیے، اسے سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے بتا یا کہ عوام کو صرف بجلی دینا ہی نہیں بلکہ سستی بجلی کی فراہمی ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چین میں بیلٹ اینڈروڈ کانفرنس میں وزراء اعلیٰ میرےساتھ تھے اور دنیا نے دیکھا کہ پاکستان کی ترقی کےلیے پوری ملکی سیاسی قیادت متحد ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے بتایا کہ سی پیک پر تیز رفتاری سےکام ہورہا ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار کو عالمی اقتصادی ادارے بھی تسلیم کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نےکہاکہ گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور فاٹا کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان کےمعاشی اشاریےقابل ذکر حد تک بہتر ہوئے ہیں اور ملک میں جی ڈی پی گروتھ 5اعشاریہ 28 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو حوصلہ افزاء اور قابل اطمینان ہے۔
تازہ ترین