• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز جندل ملاقات کے بعد کلبھوشن پر فیصلہ ہوا، عمران خان

Kulbhushan Descision Made After Nawaz And Jindal Meeting Imran Khan
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ نوازشریف سے بھارتی تاجر جندل کی ملاقات کے بعد کلبھوشن کیس کا وہ فیصلہ ہوا جس پر بھارت نے جشن منایا۔

عمران خان نے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی اس بات کی بھی تحقیقات کرے کے نواز شریف کے خاندان کے ملک سے باہر کتنے کاروبار ہیں؟کون کون ان کے بزنس پارٹنر ہیں؟ پاکستان سے باہر ان کے کہاں کہاں تجارتی مفادات ہیں؟

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے آپ سے پوچھیں کہ کیوں اتنی غربت ہے،ابھی بھی ہمارے ملک میں کمپنیوں کی حکومت ہے،اب ہمارے پاس شریف خاندان کی لمیٹڈ کمپنی ہے،سندھ میں زرداری خاندان کی کمپنی ہے،مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے بھائیوں کی بھی کمپنی ہے،کمپنیاں امیر اور قوم غریب ہوتی جارہی ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام ٹیکس دیتے ہیں اور اقتدار میں آنے والے لوگ کھاتے ہیں،تین چار سال میں 8سو ارب روپیہ منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر گیا،بلوچستان کے عوام کو سب سے زیادہ لوٹا جارہا ہے،وفاق اور بلوچستان میں بیٹھے لیڈر مل کر بلوچستان کے عوام کو لوٹ رہے ہیں ،مشتاق رئیسانی نے بلوچستان کے عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ یہاں خطرہ ہے،بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے یہاں آکر دہشت گردی کی،نواز شریف سے پوچھتا ہوں کہ اگر پاکستان کا جاسوس ہندوستان میں پکڑا جاتا تو کیا ہوتا،نواز شریف جس طرح آپ نے ڈان لیکس کے بعد کام کیے آپ پر قوم کو اعتماد نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ نواز شریف آپ کو صرف اپنا مفاد عزیز ہے،نواز شریف بتائیں کہ آپ کے میڈیا سیل سے بات کیسے نکلی،جندال وزیر اعظم سے ملنے آیا اور اس کے بعد عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کو بچالیا،نواز شریف آپ اور آپ کا خاندان بتائے کہ آپ کے بزنس پارٹنر کون ہیں؟جے آئی ٹی اس بات کی تحقیقات کرے کہ نواز شریف اور ان کے بچوں کے بزنس انٹرسٹ کہاں ہیں ؟نواز شریف نے ایف آئی اے کے ذریعے سوشل میڈیا پر پابندی لگائی ،لوگوں کی آواز بند کی گئی تو سڑکوں پر نکلیں گے۔
تازہ ترین