• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے کو جعلی و غیر معیاری ادویات سے پاک کر کے دم لوں گا،شہباز شریف

لاہور (خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام کا دائرہ باقی 32 اضلاع تک بھی بڑھایا جا رہا ہے ،صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری ہماری پہلی ترجیح ہے۔صوبے کو جعلی اور غیر معیاری ادویات سے سوفیصد پاک کر کے دم لوں گا،انہوں نے پنجاب کوالٹی کنٹرول بورڈ اور ڈی جی ہیلتھ سروسز کے اداروں میں تیز رفتار اصلاحات کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی استعداد کار بڑھانے کے لئے کی جانے والی اصلاحات قابل ستائش ہیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ادارے کی کورکپیسٹی بڑھانے کیلئے شاندار اقدامات کئے گئے ہیں اور اسی طرز پر تمام اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تین گھنٹے جاری رہنے والے طویل اجلاس میں ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات اور صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے  ہدایت کی کہ پنجاب کوالٹی کنٹرول بورڈ اور ڈی جی ہیلتھ سروسز کے اداروں میں اصلاحات کا عمل تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور ڈی جی ہیلتھ سروسز کے ادارے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال کر بہترین ادارہ بنانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ادارے میں بہترین، با صلاحیت اور پروفیشنل افرادی قوت لائی جائے اورایڈز اور ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگراموں کو موثر انداز سے آگے بڑھایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کے گھناؤنے کاروبار کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کے لئے موثر لائحہ عمل اپنا یا گیا ہے اور ادویات کی خریداری ، ترسیل اور تقسیم کا جدید نظام اپنایا گیا ہے ۔ادویات کے نمونے تجزیہ کیلئے دنیا کی معروف لیبارٹریوں میں بھجوائے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس دور دراز علاقوں میں عوام کو معیاری طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کر رہے ہیں لہٰذا مزید 100 ہیلتھ موبائل ہیلتھ یونٹس منگوانے کا پلان بنایا جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے تمام ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں نصب کی جا رہی ہیں اور وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس سکیم سے غریب عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم ہو رہی ہیں اور ہیلتھ کارڈ کے ذریعے غریب مریضوں کو سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں علاج کی سہولتیں مفت حاصل ہیں اور پنجاب کے چار اضلاع میں یہ پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔
تازہ ترین