• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بتایا جاتا ہے اور اس کی ابھی تک کسی نے تردید نہیں کی کہ ساہی وال پاور پراجیکٹ نے بائیس ماہ کے عرصے میں تکمیل پا کر کم از کم وقت میں پاور پراجیکٹ مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دکھایا ہے۔ اس قسم کے عالمی ریکارڈز توڑنے اور ان کی جگہ نئے ریکارڈ قائم کرنا اگرچہ کچھ زیادہ مشکل نہیں ہے مگر زیادہ آسان بھی نہیں ہوسکتا۔ امریکہ کے ایک ممتاز صنعت کار آئی کوکا اپنی زندگی میں متعدد عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا مظاہرہ کر چکا ہے۔ کاریں بنانے والی ایک کمپنی کے سربراہ کے طور پر اس نے سالانہ لاکھوں کا نقصان برداشت کرنے والی کمپنی کو نفع کمانے والی ممتاز صنعتی کمپنیوں کی فہرست میں شامل کردیا تو کسی نے پوچھا کہ یہ معجزہ کیسے رونما ہوا ہے آئی کوکا نے بتایا کہ اس نے کمپنی کا چارج سنبھالتے ہی حکم جاری کیا کہ کمپنی کے عام ملازمین اور محنت کشوں کے غسل خانے میں بھی وہ سب سہولتیں فراہم کی جائیں جو کمپنی کے اعلیٰ افسروں کے غسل خانے میں فراہم کی گئی ہیں اس حکم پر عمل درآمد کے ساتھ ہی کمپنی کا نقصان نفع کمانے والے بزنس میں تبدیل ہوگیا۔آئی کوکا نے اپنی خود نوشت سوانح عمری میں بتایا ہے کہ عام طور پر مشکل دکھائی دینے والے بلکہ ناممکن سمجھے جانے والے کام بہت تھوڑی محنت سے ممکن اور یقینی بنائے جاسکتے ہیں۔ آئی کوکا نے خود اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیاب زندگی کا سب سے بڑا راز یہ ہے کہ وہ ہر رات سونے سے پہلے یاد کرتے ہیں کہ انہوں نے آج کون سا ایسا کام کیا ہے جو ان کی فرائض میں شامل نہیں تھا مگر کاروبار کو بہتر بنانے والے کاموںمیں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اگر کوئی عام سا شخص اپنے فرائض کی ادائیگی میں پہلے سے بہتر اضافہ کرنے کا حساب رکھے تو وہ بڑی آسانی سے ’’آئی کوکا‘‘ بن سکتا۔ جس طرح پانی کے قطرے جمع ہونے سے سمندر بن سکتے ہیں ویسے ہی چھوٹے چھوٹے کام بھی مجموعی طور پر اعلیٰ کارنامے میں تبدیل ہوسکتے ہیں۔آئی کوکا کے حوالے سے محنت اور فرض شناسی کی عظمت بیان کی جاسکتی ہے اور ایسی مثالوں پر عمل درآمد سے صنعتی اداروں کے قیام اور فرائض کے ذریعے عالمی ریکارڈ قائم کئے جاسکتے ہیں عملی طور پر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کی مسلسل اور متواتر ادائیگی سے فرہاد پتھروں کے پہاڑوں کو اپنے تیشہ سے کھود کر میٹھے پانی کی نہریں بہا سکتا ہے۔ بلاشبہ ہر انسان کے اندر ایک فرہاد موجود ہوتا ہے جو آزمائش کی آگ کے تجربے سے گزرنے کے بعد کندن کی طرح چمکتے ہوئے کارنامہ سرانجام دینے کی اہلیت رکھتا ہے۔ کام کرنے والے کارکنوں اور محنت کشوں سے کام لینے کا ہنر رکھنے والوں کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ قابل فخر بات ہے کہ ساہی وال میں محنت کشوں اور ہنرمندوں نے عالمی سطح کا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے مگر ان محنت کشوں اور کارکنوں سے کام لینے کے لئے ایک ’’خادم پنجاب‘‘ جیسے انسان کی ضرورت بھی ناگزیر ہوتی ہے چنانچہ اس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی جاتا ہے۔

.
تازہ ترین