• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان کا پہلا جمعہ، مساجد اور امام بارگاہوں پر سخت سیکورٹی

Ramadan First Friday Karachi Tight Security Around Mosques
کراچی میں ماہ رمضان کے پہلے جمعہ کے موقع پر پولیس نے سخت سیکورٹی اقدامات کی منصوبہ بندی کی ہے۔ اس سلسلے میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو انتہائی مستعد اورچوکنا رہ کر خدمات سرانجام دینے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان کے مطابق جمعہ کی نماز کے موقع پر تمام مساجد، امام بارگاہوں اور نماز جمعہ کے کھلے اجتماعات پر سیکورٹی سخت کی گئی ہے۔ اجتماعات کے اطراف میں اسنیپ چیکنگ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

آئی جی سندھ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن و شیئرنگ کے عمل کو ہر سطح پر مربوط اور موثر بنانے کی ہدایت دی ہے جبکہ خفیہ معلومات کو فالو کرکے انسدادی اقدامات کو غیرمعمولی بنانے کا کہا گیا ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ سیکورٹی پر مامور افسران اور جوانوں کو متعلقہ افسران کی جانب سے بریفنگ لازمی دی جائے اور صوبے بھر مستعد اور چوکنا حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ڈیوٹی پوائنٹس ہرگز خالی نہ چھوڑے جائیں۔

ایس ایچ اوز کو علاقہ گشت اور سیکورٹی ڈپلائمنٹ کی وقتاً فوقتاً ڈیوٹی پوائنٹس پر چیکنگ کا پابند بنایا گیا ہے۔
تازہ ترین