• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
New Currency Notes On Eid Will Start From Today

اسٹیٹ بینک نے عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا آج سے شروع کردیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے ڈائریکٹر پی آر عابد قمر نے’ جنگ‘ کو بتایا کہ عوام نئے نوٹ ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے قریبی مجاز بینکوں کی نامزد شاخوں سے حاصل کرسکتے ہیں۔

عوام کو موبائل ایس ایم ایس سروس کے ذریعے کمرشل بینکوں کی نامزد ’ای برانچز‘ سے نئے نوٹوں کا اجرا آج سےشروع ہوکر 23 جون تک جاری رہے گا۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق ملک کے 120 شہروں میں 1000 ’ ای برانچز ‘ کے ذریعے یہ خدمت فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقوں میں یہ سہولت میسر آ سکے۔

نئے نوٹ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کو اپنا 13 ہندسوں والا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر یا اسمارٹ کارڈ نمبر اور مطلوبہ ’ای برانچ ‘ کا کوڈ لکھ کر شارٹ کوڈ 8877پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔

نامزد ’ای برانچوں‘ کے برانچ کوڈ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ، پی بی اے کی ویب سائٹ اورکمرشل بینکوں کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ نامزد ’ای برانچوں‘ کے باہر نمایاں مقام پر آویزاں کیے جائیں گے۔

ایس ایم ایس بھیجنے والے فرد کو جواب میں ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں اس کا ریڈیمشن کوڈ، ای برانچ کا پتہ اور ریڈیمشن کوڈ کے موثر ہونے کی آخری تاریخ لکھی ہوگی۔ ریڈیمشن کوڈ زیادہ سے زیادہ 2 ایام کار کے لیے موثر ہو گا۔

صارف کو اپنا اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ/ اسمارٹ کارڈ، اس کی فوٹو کاپی اور 8877سے موصولہ ریڈیمشن کوڈ متعلقہ ای برانچ میں دکھانا ہوگا جہاں سے نئے نوٹ مل جائیں گے۔

نئے نوٹوں کا فی کس کوٹا 10روپے کے 3 پیکٹ ہیں جبکہ برانچ میں دستیابی کی صورت میں 50 روپے اور 100روپے کے نوٹوں کا بھی ایک ایک پیکٹ مل سکتا ہے۔

ایک شناختی کارڈ/اسمارٹ کارڈ نمبر اور موبائل فون نمبر صرف ایک مرتبہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

کسی مختلف موبائل فون نمبر سے وہی سی این آئی سی/ اسمارٹ کارڈ نمبر، یا اسی موبائل فون نمبر سے کوئی اور سی این آئی سی/ اسمارٹ کارڈ نمبر بھیجا گیا تو کوئی ٹرانزیکشن کوڈ جاری نہیں ہو گا۔

 

تازہ ترین