اگر دو مخالف نظریات رکھنے والے ممالک کے حکمراں ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں تو پیچھے چھپے مفادات کے لئے سوال ضرور اٹھ سکتا ہے لیکن جب یہی کام ان ممالک کے سائنسدان کینسر جیسے مہلک مرض کے خاتمے کے لئے کریں تو ہر طرف سےداد وصول ہوتی ہے۔
جی ہاں ، پاک بھارت کشیدگی ایک طرف لیکن امریکی یونیورسٹی میں دو مخالف ملکوں کے سائنسدان کینسر کےجڑ سے خاتمہ کے لئے ہاتھ ملا چکے ہیں۔
یہ ہیں امریکی یونیورسٹی وابستہ دو بھارتی سائنسدان پروفیسر آر وی کرشنا مورتی اور ڈاکٹر یوگیش سوریہ ونشی جبکہ ایک سائنسدان پروفیسر کریم عیسانی کا تعلق پاکستان سے ہے ۔
تین ماہرین یکجا ہوکر ناصرف اس مرض کے خلاف ریسرچ کررہے ہیں بلکہ مختلف سائنسی تجربات میں بھی تینوں ایک دوسرے کے ہم قدم ہیں۔
پروفیسر آر وی کرشنا مورتی اور ڈاکٹر یوگیش سوریہ ونشی نے حال ہی میں سائنسی میگزین ’نیچر‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں ناصرف کریم عیسانی کے کام کی تعریف کی بلکہ ان کی مہارت اور کینسر کے خلاف جنگ میں ان کی شب و روز کی محنت کو انسانیت کے لئے بے لوث خدمت بھی قرار دیا۔