• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

س۔میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہی ہوں اور دوسرے سال کی طالبہ ہوں۔ میرا سوال یہ ہے کہ میں سی ایس ایس کروں یا یو ایس ایم ایل ای کروں جو کہ پاکستانی طلبہ کیلئے بہتر ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ میں چوتھے سال میں سی ایس ایس کا امتحان دینے کی کوشش کروں۔ تاکہ مجھے یہ علم ہوجائے کہ میں اسے پاس کرلوں گی کہ نہیں۔ اور کیا میں یہ دونوں امتحان ساتھ ساتھ دے سکوں گی ؟
ج۔محترمہ بنت اقبال صاحبہ چونکہ آپ MBBSدوسرے سال کی طالبہ ہیں میرا آپ کو مشورہ یہ ہے کہ آپ اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور کوشش کریں کہ اپنا ایم بی بی ایس مکمل کرنے سے پہلے کسی بھی اور امتحان یا کیریئر کی طرف اپنی توجہ بانٹے بغیر ایم بی بی ایس مکمل کر لیں۔ اگر آپ پاکستان سول سروس یا سرکاری ملازمت حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ اور اس کے لئے سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کرنا چاہتی ہیں۔ تو اس کے لئے بہترین وقت ایم بی بی ایس فائنل سال کی تکمیل کے بعد ہوگا۔ جہاں تک یو ایس ایم ایل ای کا تعلق ہے۔ یہ امریکہ کے ڈاکٹروں کے کام کرنے کا امتحان ہے جس کی معلومات بھی آپ کو اپنے ایم بی بی ایس مکمل کرنے کے بعد لینی چاہئے۔ میں آپ کو پھر یہ مشورہ دوں گا کہ اس وقت آپ کی بھرپور توجہ اپنے ایم بی بی ایس کے امتحان کی طرف ہونی چاہئے۔
س۔السلام علیکم! میں نے بائیو کیمسٹری میں ڈگری کر لی ہے اور اب میںآگے کلینکل بائیو کیمسٹری میں مزید ریسرچ کرنا چاہتی ہوں ۔ میرا آپ سے سوال ہے کہ اس فیلڈ میں کیریئر کے کیا مواقع ہیں اور میں ایم فل کیلئے کن مضامین کا انتخاب کروں۔(سعدیہ محمود لاہور)
ج۔محترمہ سعدیہ صاحبہ ! بائیو کیمسٹری ایک انتہائی ابھرتا ہوا مضمون ہے جس میں کیریئر اور ریسرچ کے بے تحاشہ مواقع موجود ہیں۔ مگر آپ کے لئے یہ ضروری ہے کہ پہلے تو آپ یہ طے کریں کہ آپ اپنی ایم فل یا ریسرچ پاکستان سے کرنا چاہتی ہیں یا بیرون ملک سے۔ اس کے بعد میں چاہوں گا کہ آپ یونیورسٹی کا انتخاب اس کی ریسرچ کی رینکنگ اور ریسرچ پیپرز کو دیکھ کر کریں۔ اور وہاں کے پروفیسروں سے مشورے کے ساتھ اپنے ریسرچ ٹاپک کا انتخاب کریں۔ اس میں مضمون میں جو چند اہم ریسرچ کے مضمون ہوسکتے ہیں۔ Endocrinology and Metabolism, Core Bioanalysis and Toxicology, Core Developmental Biochemistry۔
س۔میں ایم ایس کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے کس مضمون میں کرنا چاہئے۔ میرا جی پی اے 3.6ہے اور مجھے پیتھالوجی کے بارے میں بتائیں۔( آصف اقبال۔ کرک)
ج۔جناب آصف صاحب ! پہلے تو میں بتاتا چلوں کہ آپ کا سوال نامکمل ہے۔ آپ کو مشورہ دینے سے پہلے مجھے آپ کی تفصیلی سی وی چاہئے ہوگی۔ کیونکہ مجھے یہ نہیں معلوم کہ آپ پیتھالوجی کیوں کرنا چاہتے ہیں؟ کیا اس فیلڈ میں آپ کے پاس پہلے سے کوئی ڈگری موجود ہے؟ پیتھالوجی یا اس سے وابستہ بہت سارے ایسے مضامین ہیں۔ جس میں آپ اپنا ایم ایس کرسکتے ہیں۔ ان میں چند مضامین یہ ہیں۔ Molecular Biology, Micro Biology, Bio Chemistry and Clinical Bio Chemistry ۔
س۔السلام علیکم! میں نے اپنا جنرل بی اے مکمل کرلیا ہے جس کا نتیجہ اگست ،ستمبر میں متوقع ہے۔ مجھے امید ہے کہ میں 50%مارکس سے زیادہ حاصل کرلوں گا۔ میں ایم اے میں داخلہ نہیں لینا چاہتا اس لئے کہ میرا ٹیچر بننے کا کوئی ارادہ نہیں۔ میں سننے سے محروم ہوں۔ اور ٹیچنگ میرے لئے بہت مشکل ہوجائے گی۔ اس لئے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں بزنس فیلڈ کی طرف چلا جائوں کیونکہ میں ہمیشہ سے ایک بزنس مین یا انویسٹر بننا چاہتا تھا۔ مگر میرے والدین اور بھائیوں نے مجھے بی اے اور ایم اے کرنے پر زور دیا ۔ اب میں مزید وقت برباد نہیں کرنا چاہتا۔ کیا کہ آپ مجھے بتا سکتے ہیں کہ مجھے مستقبل میں بزنس اور بینکنگ یا ایم بی اے وغیرہ کرنے سے کوئی فائدہ ہوگا اور کیا اس کیلئے مجھے بی بی اے کرنا ضروری ہے۔ کیونکہ میرا بی اے دو سال کا ہے۔میں آپ کےجواب کا منتظر ہوں ۔(قیصر ۔راولپنڈی)
ج۔محترم قیصر صاحب! میرا آپ کو مشورہ یہ ہے کہ فنانس یا بینکنگ میں ایم اے کرنے کے بجائے آپ مارکیٹنگ میں آگے تعلیم لیں اور کوشش کریں کہ آپ کو آپ کے بی اے کی وجہ سے دو سال کے کورس میں داخلہ مل جائے۔ مارکیٹنگ اور Supply Chain Management میں کچھ ایسے ایریا ز ہوتے ہیں جہاں آپ اپنی قدرتی کمزوری کے باوجود محنت کرکے کامیاب ہوسکتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ آپ اس شعبے میں ترقی کر سکتے ہیں لیکن اس کیلئے آپ کو انتہائی محنت اور لگن سے کام کرنا ہوگا۔

 

.

تازہ ترین