• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
India Win The Toss And Elect To Field First

چیمپئنز ٹرافی کےفائنل میں پاکستان نے فخر زمان کی شاندار سنچری، اظہر علی اور محمد حفیظ کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت کیخلاف339 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کردیاہے، گرین شرٹس کا بھارت کے مدمقابل اب تک کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔

کراچی میں 2004ء میں بھارت نے پاکستان کے خلاف 349رنز کا ٹارگٹ سیٹ کیا تھا جواب میں گرین شرٹس 344 رنز بناسکی تھی جو مدمقابل ٹیم کے خلاف سب سے بڑا اسکور تھا۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو ان کے وہم و گمان میں بھی نہ ہوگا کہ پاکستانی بیٹسمین ایونٹ کا سب سے بڑا ٹارگٹ سیٹ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

چیمپئنز ٹرافی 2017ء میں سری لنکا اور بھارت کا میچ اب تک کا ہائی اسکورننگ میچ تھا،جب بھارت نے 321رنز کاہد ف دیا جوکہ لنکن بیٹسمین باآسانی حاصل کرلیا تھا۔

پاکستان نے مقررہ 50اوورز میں 4وکٹ کے نقصان پر 338 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا،اس میچ میں پاکستان ٹیم مجموعی طور پر 9چھکے اور 27چوکے لگائے، پانچویں وکٹ پر محمد حفیظ اور عماد وسیم نے 71رنز کی شراکت قائم کی۔

اس دوران محمد حفیظ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی ، انہوں نے 3 چھکوں اور 4 چوکے کی مدد سے 56 رنز بنائے جبکہ عماد وسیم نے 1چھکے اور 1چوکے کی مدد سے 24رنز اسکور کئے اور دونوں ہی کھلاڑی ناٹ آئوٹ رہے۔

گرین شرٹس کی چوتھی وکٹ 267 کے اسکور پر گری جب بابر اعظم 4 چوکوں کی مدد سے46 رنز بناکر جادیو کا کی گیند پر یوراج کو آسان کیچ تھما بیٹھے، انہوں نے محمد حفیظ کے ساتھ مجموعے میں 20رنز کا اضافہ کیا۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 40 ویں اوور 247 رنزپر گری، جب بابر اعظم کے ہمراہ 47رنز کی شراکت بنانے والے شعیب ملک 12رنز بناکر بھونشور کمار کا شکار بنے۔

پاکستان کے اسٹار اوپنر فخر زمان نے اپنے کیرئیر کے چوتھے ہی میچ میں بھارت کے خلاف پہلی شاندار سنچری اسکور کی،انہوں نے بابر اعظم کے ہمراہ 72 رنز کی شراکت قائم کی اور تمام ہی بھارتی بائولرزکی گیندوں کو بائونڈی لائن کے باہرکا راستہ دکھایا۔

گرین شرٹس نے31اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر186رنز بنائے تھے،اس سے قبل فخر زمان نے اظہر علی کے ساتھ 128رنز کی اوپننگ شراکت بھی قائم کی ۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 23ویں اوور میں گری ،اظہر علی نے6چوکوں اور 1چھکے کی مدد سے 59رنز بنائے اور رن آئوٹ ہوئے ، اس کے بعد بابر اعظم اور فخر زمان نے 72رنز کی شراکت قائم کی ،اس دوران لیفٹ ہینڈ اوپننگ بیٹسمین نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا ،اور تمام ہی بھارتی بولرز کی گیند کو بائونڈری لائن کا راستہ دکھایا ۔

پاکستانی اوپنر اظہر علی اور فخر زمان نے آج پراعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور وکٹ کے چاروں جانب جم کر اسٹروک لگائےاور ایونٹ میں دوسری بار سنچری سے زائد رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ کھڑی کی ۔

دونوں کھلاڑیوں نے اس دوران اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کی ،گرین شرٹس نے بڑے مقابلے میںایک تبدیلی کی اور رومان رئیس کی جگہ فاسٹ بولر محمد عامر کو ٹیم میں جگہ دی ہے۔

ٹاس ہارنے کے بعد پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہےتھا کہ ہم بھی پہلے فیلڈنگ کرنا چاہتے تھے لیکن ٹاس جیتنا کسی کے ہاتھ میں نہیں ہوتا ہے، ہم 300سے زیادہ رنز بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

اس موقع پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ مخالف کی طرف سے کوئی بھی پلان ہو ہم تیار ہیں، پاکستان کو کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گےلیکن حریف کو کمزور نہیں لے رہے۔

پاکستان ٹیم میں اظہر علی ، فخر زمان، بابر اعظم ، محمد حفیظ ، شعیب ملک ، سرفراز احمد،عماد وسیم،شاداب خان،محمد عامر،جنید خان اور حسن علی شامل ہیں۔

پاکستان کے سابق کپتان عمران خان اور یونس خان جیسے کپتانوں کے ہم پلہ آنےکے لئے سرفراز احمد ایک جیت سے دور ہیں اورپاکستانی ٹیم گروپ میچ کی شکست کا حساب برابر کے لئے بے چین ہے۔

ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم کو اس گراؤنڈ پر سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی تاہم اس کا مجموعی ریکارڈ بہت اچھا ہے جبکہ اس کے بیٹسمین فارم میں ہیں اور بولر ہر میچ میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

مکی آرتھرکا کہنا ہے کہ میری ٹیم کو اس ٹورنامنٹ میں مکمل نظر انداز کردیا گیا تھا خاص طور پر اُس وقت جب پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن ہم نے سب کو غلط ثابت کردیا۔

اوول کے میدان سے پاکستان کو خوشگوار یادیں وابستہ ہیں،اس گراونڈ پر پاکستان کو 4 ٹیسٹ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے،10 ماہ قبل یونس خان کی ڈبل سنچری اور یاسر شاہ کی بولنگ کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو ٹیسٹ میچ میں شکست دی تھی۔

مکی آرتھرنے سرفراز احمد کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز بہت مثبت ہیں، وہ ایک جارح کپتان اور وکٹیں لینا چاہتے ہیں، انہوں نے کھلاڑیوں کو اٹیکنگ پوزیشن پر لگایا ہے، سلپ لگائی اور یہ ہمارے لیے سود مند ثابت ہوا ہے، پاکستان کے پاس ٹورنامنٹ کا سب سے خطرناک بولنگ اٹیک ہے۔

آئی سی سی ٹورنامنٹ میں بھارت کا پاکستان کے خلاف ریکارڈ بہت اچھا ہے، لیکن آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے پانچ میں سے 2 میچوں میں بھارت کو شکست دی تھی، پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلی بار ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل ہورہا ہے،اوول میں پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیل رہی ہےجبکہ بھارت کو اسی گراؤنڈ پر300 رنز کے ہدف کے باوجود سری لنکا نے شکست دی تھی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان 128ون ڈے انٹر نیشنل میچ ہوئے ہیں،پاکستان نے72اور بھارت نے52میچ جیتے ہیں،چار میچوں کا نتیجہ بر آمد نہیں ہوسکا، نیوٹرل گراؤنڈ میں دونوں ٹیمیں71بار ایک دوسرے کے مقابل آئیں، 39میچ پاکستان اور 30بھارت نے جیتے ہیں، دومیچوں کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔

تازہ ترین