• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائنل : بھارت کو 180 رنز سے شکست، پاکستان چیمپئن بن گیا

Final India Lost By 180 Runs Pakistan Became Champions

چیمپئنز ٹرافی میں پہلی بار فائنل کھیلنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو 180رنز سے عبرتناک شکست دیدی ہے۔

ایونٹ کے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست سےدوچار ہونے والی آٹھویں نمبر کی ٹیم کے بارے میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھاکہ وہ کپ اپنے گھر لے جائے گئی ،مگر سرفراز کی قیادت میں گرین شرٹس نے یہ کارنامہ انجام دیدیا۔

فائنل میں پاکستان کی جیت میں فخر زمان کی شاندار سنچری ،محمد حفیظ اور اظہر علی کی نصف سنچریوں کے ساتھ محمد عامر ،حسن علی ، شاداب خان کی بولنگ نے بھی بھرپور کردار ادا کیا ۔

بھارت کی مضبوط ٹیم کے خلاف پاکستان نے بیٹنگ،بائولنگ کے ساتھ فیلڈنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کئی یقینی چوکے روکے،ٹیم نے بھارت کے خلاف بڑے ایونٹ کے بڑے میچ میں کامیابی پر میدان میں اجتماعی سجدہ شکر ادا کیا۔

بھارت کے خلاف اپنے کیرئیر کے چوتھے ہی میچ میں3چھکوں اور 12چوکوں کی مدد سے شاندار 114رنز بنانے والے فخر زمان مین آف دی میچ قرار پائےجبکہ ایونٹ میں 13وکٹیں لینے والے حسن علی کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قراردیا گیا۔

اس موقع پر حسن علی نے کہا کہ ٹورنامنٹ اچھا رہا ،فائنل میں بھارت سے میچ کا کوئی دبائو نہیں تھا ،کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتاہوں،آئندہ بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ،گرین شرٹس نے فخر زمان کی شاندار سنچری اور اظہر علی اور محمد حفیظ کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 50اوورز میں 338رنز بنائے اور بھارت کیلئے ایونٹ کا سب سے بڑا ٹارگٹ سیٹ کیا ۔

بھارت کے ابتدائی 6کھلاڑی 72رنز پر پویلین لوٹ گئے ،اس کے بعدپانڈیا نے رویندا جڈیجا کے ساتھ 80رنز کی شراکت قائم کی ۔ اس دوران پانڈیا نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی اور 6چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے 76رنز کی اننگز کھیلی اور رن آئوٹ ہوئے۔

اس کے بعد باقی بھارتی کھلاڑی پاکستانی بائولنگ کے خلاف خاطرخواہ مزاحمت نہ کرسکے اور پوری ٹیم 30اعشاریہ 3اوورز میں 158رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پہلی وکٹ صفر کے اسکور پر گر گئی ،روہت شرما کو محمد عامر نے آئوٹ کیا،اس کے بعد کپتان ویرات کوہلی کھیلنے آئے ۔

6 کے اسکور پر اظہر علی نے ویرات کوہلی کا سلپ میں کیچ گرادیا ،اس کے بعداگلی ہی گیند پر محمد عامر نے ویرات کو شاداب خان کی مدد سے قابو کیا ۔

اس کے بعد تیسری وکٹ شیکھردھون کی گری ،اسے بھی محمد عامر نے سرفراز کی مدد سے میدان بدر کیا تو بھارت کے ابتدائی تین کھلاڑی صرف 33 کے اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے ۔

یوراج سنگھ آئوٹ ہونے والے چوتھے بھارتی کھلاڑی تھے ،54 کے مجموعے پر انہوں نے 22رنز ہی بنائے تھے شاداب خان نے جارحانہ مزاج بیٹسمین کو چلتا کیا ۔

اگلے ہی اوور میں 54 ہی کے اسکور پر حسن علی سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی کی وکٹ لے اڑے،انہوں نے 4رنز بنائے ۔بھارت کی چھٹی وکٹ 72 کے اسکور پر گری ،جادیو 9رنز بناکر شاداب خان کا دوسرا شکار بنے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر اور حسن علی نے 3،3جبکہ شاداب خان نے 2اور جنید خان نے ایک بھارتی کھلاڑی کو میدان سے باہر کا راستہ دکھایا ۔

تازہ ترین