اسلام آباد (مہتاب حیدر) حکومت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز کے گریڈ 22کے افسر شاہد محمود کو سیکرٹری خزانہ مقرر کیا ہے۔ یہ بات خزانہ ڈویژن کے ایک نوٹیفکیشن میں بتائی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شاہد محمود نے سپیشل سکریٹری خزانہ کا چارج چھوڑ کر اسی تاریخ کو سیکرٹری خزانہ کا چارج سنبھال لیاہے۔ سابق سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ 18جون کو 60سال کی عمر پوری ہونے پر ریٹائرہوگئے تھے۔ طارق باجوہ جنہوں نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران وفاقی اور صوبائی اعلیٰ سطح کے اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔
وہ آڈیٹرجنرل آف پاکستان کی خالی اسامی کے ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں۔ حکومت نے گورنرسٹیٹ بنک، چیئرمین ایف بی آر اور آڈیٹرجنرل آف پاکستان کے اہم عہدوں پر تقرریوں کا طے کرلیا ہے جن پر جلد ہی تقرریاں کی جائیں گی۔
شاہد محمود کو 28مارچ 2017ء کو سیکریٹری پرائیویٹائزیشن ڈویژن/پرائیویٹائزیشن کمیشن کا ایڈیشنل چارج دیا گیا تھا۔ انہوں نے 1984ء میں سول سروس جوائن کی تھی۔ 1987-91ء کے دوران وہ اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ، پتن اور اسلام آباد رہے ہیں۔
1998-2000ء میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ جبکہ 2009-10ء میں وہ چیف کمشنر اسلام آباد تھے۔ 2013-15ء کے دوران وہ ایڈشنل سیکرٹری (ایکسٹرنل فنانس)/وزیر خزانہ کے سپیشل اسسٹنٹ رہے۔ 2013ء میں وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری کے عہدہ پر فائز رہے۔ 2008-09ء میں وہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل، 2002-06ء میں وہ بیجنگ(چین) کے پاکستانی سفارتخانہ میں کمرشل قونصلررہے۔
حکومت پنجاب کے سیکریٹریٹ میں وہ سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکریٹری کان کنی و معدنیات،سیکریٹری ٹورزم و ریزورٹ ڈویلپمنٹ اور محکمہ خزانہ میں سپیشل سیکرٹری رہے۔