• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اندھیروں کے حامیوں کیخلاف جنگ میں ہم سرخرو ہونگے، شہبازشریف

Todays Print

لاہور( نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گزشتہ روز ضلع جھنگ کے علاقے حویلی بہادر شاہ میں 1230میگاواٹ کے گیس پاور پلانٹ کا تفصیلی دورہ کیااوروزیراعلیٰ نے پلانٹ کے ایک ایک حصے کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ کنٹرول روم سمیت پلانٹ کے مختلف حصوں میں گئے۔

وزیراعلیٰ نے منصوبے پرکام کی رفتارپر اطمینان اورتسلی کا اظہار کیا ۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کرنیوالے انجینئرز اورورکرزسے ملا قا تیں کیں۔ 

شہبازشریف نے انجینئرز اور ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہاندھیروں کے حامیوں کیخلاف جنگ میں ہم سرخرو ہوں گے،پلانٹ سے  ایک ہفتے کے اندر 750میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی، یہ منصوبہ لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور کرنے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اوراس پلانٹ سے  ایک ہفتے کے اندر 750میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی جو نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی اوراس سے لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی ہوں گی۔

انہوں نے کہاکہ  حویلی بہادر شاہ کے پلانٹ سے بجلی کی آزمائشی پیداوارکا آغاز ہورہا ہے اوراس اہم منصوبے کی پہلی ٹربائن سے بجلی کی آزمائشی پیداوار کا آغاز ہوگا۔وزیراعظم  نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں پر قابو پانے کیلئے مخلصانہ کاوشیں رنگ لارہی ہیں ۔

شہبازشریف نے حویلی بہادر شاہ گیس پاور پلانٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اندھیروں کیساتھ ساتھ اندھیروں کے حامیوں سے بھی جنگ لڑنی پڑ رہی ہے اور اللہ کے فضل وکرم اورعوام کی حمایت سے دونوں محاذوں پر سرخرو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں ہماری ناکامی کے خواہش مند دراصل عوام کو ناکام دیکھنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کے باشعور عوام ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کی پیداوار میں گزشتہ چار برسوں میں جو نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، اسکی پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صنعتوں کی طرح گھریلو صارفین کو مطلوبہ بجلی فراہم کرکے دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ سخت گرمی میں محنت کا مظاہرہ کرنیوالے ملکی و غیر ملکی ماہرین اور محنت کشوں کی ہمت کو سلام کرتا ہوں جو نہایت عزم اورجذبے کے ساتھ اس اہم منصوبے پر دن رات کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ترقی اورمخالفین دروغ گوئی اور الزام تراشی کے نئے ریکارڈ قائم کررہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے پر 90 ارب روپے لاگت آئے گی۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی فائنل میں شکست دے کر پوری قوم کو بے پناہ خوشیاں دی ہیں اور چیمپئنز ٹرافی میں جیت عید کا تحفہ ہے۔

فخر زمان، اظہر علی اور محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کرکے پاکستان کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا جبکہ بھارت کے ٹاپ بلے بازوں کو آئوٹ کرنے کا کریڈٹ فاسٹ بائولر محمد عامر کو جاتا ہے جبکہ پوری ٹیم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھیلی اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کرکے فتح اپنے نام کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھلاڑی قوم کی توقعات پر پورا اترے ہیں اور  پاکستان کی جیت 20 کروڑ عوام کی تاریخی فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے محنت، جذبے اور عزم کے ساتھ روایتی حریف بھارت کو ہرا کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور میرا ایمان ہے کہ محنت اور عزم کے ساتھ کئے گئے ہر کام میں کامیابی قدم چومتی ہے اور پاکستان ٹیم نے یہ کرکے دکھایا ہے۔

شہباز شریف نے برطانیہ کے شہر لندن میں فنزبری پارک کے قریب مسجد سے باہر نکلنے والے نمازیوں پر گاڑی چڑھانے کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ میں متاثرہونے والے افراد کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور  زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

تازہ ترین