• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ‘ قطر تنازع میں ثالث کا کردار ادا کرسکتا ہے ، ایرانی سفیر

Todays Print

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان میں تعینات ایرانی کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ پاکستان قطر تنازع میں ثالت کا کردار ادا کرسکتا ہے ، پاکستان اسلامی فیملی کا اہم ممبر ہے ، راحیل شریف کے بارے میں کئی بار بات چیت ہوئی ، یقین ہے پاکستان جلد درست اور اچھا فیصلہ کرے گا ۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہےکہ تنازع کا تمام ممالک کو مذاکرات کے ذر یعے پرامن حل نکالنا چاہئے، خطے میں تنازع ہم میں سے کسی کے مفاد میں نہیں ، ہمیں امن اور استحکام کی طرف بڑھنا ہو گا نہ کہ نئے تنازعات کی طرف، قطر کے معاملے پر سعودی عرب کا ایران سے متعلق موقف الزام پر مبنی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی نیا تنازع خطے میں باہر کے ملک کے آنے کا سبب بن سکتا ہے۔

ایرانی سفیر نےمزید کہا کہ پاکستان اسلامی فیملی کا ایک اہم ممبر ہے، اس معاملے میں پاکستان ثالث کا ایک اہم کردارادا کر سکتا ہے، خاص طور پرپاکستان اسلامی ممالک میں ثالثی کے ذریعے تنازعات حل کرانے میں کردار ادا کرسکتا ہے۔

سابق آرمی چیف راحیل شریف کے اسلامی اتحاد کے سربراہ بننے سے متعلق ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران نے متعدد بار پاکستان سے یہ معاملہ اٹھایا ہے، یقین ہے اس پر پاکستان بہت جلد ایک درست اور اچھا فیصلہ کرے گا۔ 

تازہ ترین