• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اتحاد کے مظاہرےسے پاکستان کا سافٹ امیج پیش کیا جا سکتا ہے، محمد علی تنویر

Pakistans Soft Image Can Be Presented By Unity Demonstrations Mohammad Ali Tanveer

مسلم لیگ ن ضلع گجرات کے چیئرمین چوہدری محمد علی تنویر کا کہنا ہے کہ دوسرے ممالک میں رہتے ہوئے ہمیں اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرکے مقامی کمیونٹی کو اسلام اور پاکستان کا سافٹ امیج دینے کی اشد ضرورت ہے۔

چوہدری محمد علی تنویر کوٹلہ نے اسپین کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری امانت حسین مہر کی جانب سے دیئے جانے والے گرینڈ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر استقامت ، بھائی چارے اور اتفاق و اتحاد کا درس دیتا ہے۔

افطار ڈنر میں سیاسی، سماجی، مذہبی تنظیمات اور جماعتوں کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

افطار ڈنر سے مسلم لیگ ن اسپین کے صدر حاجی اسد حسین، عوامی تحریک یورپ کے جنرل سیکریٹری محمد اقبال چوہدری، پاکستانی ٹیکسی سیکٹر کے نمائندے راجہ ضیاء صدیق، یوتھ ونگ پی ایم ایل این اسپین کے آرگنائزر ایاز مٹھانہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں ہمیں اپنے تنازعات کو ختم کرکے ایک پلیٹ فارم پر اکھٹاہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ماہ صیام میں بے سہارا اور غریب افراد کو یاد رکھنا چاہیے اور اپنے ملک کی سلامتی کی دعائیں مانگنی چاہئیں۔

افطار ڈنر کے میزبان چوہدری امانت مہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے افطار ڈنر میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین کا ایک جگہ اکھٹا بیٹھنا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستانی جہاں بھی رہتے ہیں وہ آپس میں بھائی چارے کی فضا ہمیشہ قائم رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو آپس میں تقسیم کرنے کی سازش کرنے والے عناصر کو پہچاننا ہوگا تاکہ دیار غیر میں بھائی چارے کی بنیادیں کھوکھلی نہ ہوں۔

اس موقع پر رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

محمد علی تنویر کوٹلہ اور چوہدری امانت مہر نے اس جیت کی خوشی میں ای کیئر کرکٹ کلب اسپین کے کھلاڑیوں میں پاکستان ٹیم کی سبز یونیفارمز تقسیم کیں۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے میاں عمران ساجد، ملک شاہد حسین، ایاز عباسی اور عاشر مسیح سندھو،پی ٹی آئی کی جانب سے یاسر اقبال اور نوید رانا، پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے عمر فاروق رانجھا، شاہد لطیف گجر، میاں رؤف اور حافظ عبدالرزاق نے شرکت کی۔

بزنس کمیونٹی کی جانب سے امتیاز آکیہ، کامران خان، ظفر پہلوان، عبدالرؤف، سکندر حیات گوندل،محسن گوندل، عمران چھوکر کلاں اور عظمت مہر افطار ڈنر میں اپنے ساتھیوں سمیت شامل ہوئے۔

تازہ ترین