• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہاولپور:آئل ٹینکر پھٹنے سے 150سے زائد افراد جاں بحق

More Than150 People Died As Oil Tanker Blew Out In Bahawalpur

بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر میں آگ بھڑکنے سے پل بھر میں 150زندگیاں ختم ہوگئیں، حادثے میں 100سے زائد جھلس کر زخمی بھی ہوگئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے المناک حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ قومی شاہراہ پر پُل پکا کے قریب اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر کے سلپ ہونے کے باعث پٹرول لیک ہونے لگا اور علاقے کے لوگ اور وہاں سے گزرنے والے افراد بڑی تعداد میں پٹرول جمع کرنے وہاں پہنچ گئے.

اس دوران آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 140سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ100سے زائد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

زخمیوں میں بیشتر 80فیصد سے زائد جھلس چکے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

حادثے کی جگہ قیامت صغریٰ کے مناظر دیکھنے میں آئے، دور دور تک جھلسی ہوئی لاشیں بکھری پڑی تھیں۔

ایک عینی شاہد کے مطابق آئل ٹینکر پھٹتےوقت 200سے 250افراد وہاں موجود تھے۔

آئل ٹینکر پھٹنے سے قریب موجود 75سے زائد موٹرسائیکلیں اور کئی کاریں بھی جل کر راکھ ہوگئیں۔فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشیں بری طرح جھلسی ہوئی ہیں اور ان شناخت بغیر ڈی این اے کے ممکن نہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر بہاولپور وکٹوریہ اسپتال سمیت قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔


آرمی چیف کا اظہارافسوس

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ احمد پور شرقیہ پردکھ کا اظہار کیا ہے۔

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نےریسکیو،ریلیف سروس میں سول انتظامیہ کی مددکیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔


پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی اسپتالوں میں منتقلی کے لئے آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز روانہ کردیئے گئے جبکہ اسپتالوں میں ہائی الرٹ کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 51شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بہالپور سے ملتان منتقل کیا گیا۔ آرمی ہیلی کاپٹر احمد پور شرقیہ، بہاولپور، ملتان میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ حادثے کی جگہ کلیئر کرا کر ٹریفک بحال کرادی گئی ہے۔

 

’’لوگوں کو خطرے سے آگاہ کرتے رہے‘‘

حادثے سے متعلق موٹروے پولیس کا کہناتھا کہ آگ لگنے سے قبل اہلکاراور مقامی آبادی کے کچھ افراد لوگوں کو خطرے سے آگاہ کرتے رہے لیکن پیٹرول جمع کرنےوالوں نے ان کی ایک نہ سنی اور پھر وہ ہوا جو کسی قیامت سے کم نہ تھا ۔

ڈائریکٹر جنرل 1122، ڈاکٹر رضوان نصیرنے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے 100سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں جھلسنے والے 50کے قریب افراد کو مقابی اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔


وزیراعلیٰ پنجاب کا فوری انکوائری کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے المناک حادثے میں قیمتی جانوں مے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا اور حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔


’’اکثراسپتالوں میں برنز یونٹ ہی نہیں‘‘

ترجمان حکومت پنجاب ، ملک احمد خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں100کے قریب افراد زخمی ہیں ، 25سے 30 افراد 80فیصد سے زائد جھلسے ہیں ،حادثہ بہت بڑاہے،قریبی تحصیلوں سےبھی عملہ بلوالیا گیا ہےجبکہ شہری دفاع کے محکمے بھی جائے وقوعہ پر ریسکیو سروس دے رہے ہیں۔

ترجمان نے اعتراف کیا کہ پنجاب کے اکثر اسپتالوں میں برنز یونٹ ہی نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی ٰپنجاب کاہیلی کاپٹرزخمیوں کواسپتال منتقل کرنےکے لئے دیدیاہے۔

تازہ ترین