• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان سے پوچھیں گےوکٹیں کیسے گرتی ہیں،خورشید شاہ

We Will Ask Imran Khan For Falling Wickets Khursheed Shah

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ 2018میں عمران خان سے پوچھیں گے کہ وکٹیں کیسے گرتی ہیں، جب بولنا نہیں آتا تو ایسی ہی باتیں ہوتی ہیں،جب گھوڑے ریس کے میدان میں آتے ہیں تو بڑے بدکتے ہیں لیکن جب وہ دوڑتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ کون طاقتور ہے۔

سکھر میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ فردوس عاشق اعوان اور بابر اعوان کے پی ٹی آئی میں جانے سے پیپلز پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ قطر پر پابندیاں لگانے سے امریکا اور اسرائیل خوش ہیں، داعش مسلمانوں کی نہیں بلکہ یہود و نصاریٰ کی تنظیم ہے۔ عالم اسلام مشکلات کا شکار ہےتمام اسلامی ریاستیں جل رہی ہیں، مسلمانوں پر ظلم و تشدد ہورہا ہے، اسلامی دنیا کے حکمران بین بجارہے ہیں اور تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی ہے، پنجاب میں حکومت نے اورنج ٹرین اور بڑے بڑے منصوبوں کے دعوے کیے لیکن بہاولپور میں برن سینٹر نہیں ہے، اگر ہوتا تو بہاولپور میں اتنی اموات نہیں ہوتیں۔

سید خورشید احمد شاہ نے کہاکہ میں نواز شریف کو مشورہ دے رہا ہوں کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ وہ ڈس کوالیفائی ہونگے تو انہیں نیا وزیر اعظم لانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ  56 میں سے 35 مسلم ممالک کا اتحاد تو بن گیا ہے لیکن باقی 21 اسلامی ممالک کا کیا ہوگا، یہ بھی سوچنا ہوگا۔  اسلامی ممالک کی کانفرنس میں ٹرمپ دہشتگردی کی بات کرتے ہوئے بھارت کو معصوم قرار دیتا ہے لیکن پاکستانی حکمران خاموش بیٹھے رہتے ہیں کیا پاکستان دہشتگردی کا شکار نہیں، ہمارے حکمرانوں میں حق و سچ کہنے کی جرأت نہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت اس لئے نہیں بنایا تھا کہ ہم دہشتگردوں کے سامنے جھک جائیں۔

تازہ ترین