• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ طوفانی بارش

Tropical Rain With Gray Shine In Various Areas Of Karachi

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے ،کراچی میں شدید بارش کے باعث بازار بند ہونا شروع ہوگئے، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں تیز بارش مزید دو گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔

بارش شروع ہوتے ہی کراچی کےمختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی،طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے،دکانیں بند ہو گئیں۔

مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے سیکڑوں گاڑیاں بند ہوگئیں جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے،بارش ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ کل شام تک جاری رہے گا ۔

شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ اور صدر کی سڑکوں پر گاڑیاں بند ہوگئیں ، گجر نالے کے قریب کے بی آرسوسائٹی زیر آب آگئی۔

کے بی آر سوسائٹی سمیت کئی علاقوں میں مکانوں اور مساجد میں پانی داخل ہوگیا،پانی داخل ہونے کے باعث گھروں میں فرنیچر اور دیگر سامان خراب ہوگیا۔

اس سے پہلے آج دن بھر کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، شارع فیصل، کارساز، فیڈرل بی ایریا، ملیر، ناگن چورنگی، سپرہائی وے، لیاقت آباد اور یونیورسٹی روڈ پر تیز بارش سے سڑکیں زیر آب آگئیں۔

بارش سے ملک کے دیگر حصوں میں جل تھل ایک ہوگیا جبکہ کراچی کی زمین کی سمجھ میں نہیں آرہا کہ اسے بادلوں سے برسنے والی شفاف بوندوں نے بھگودیا، یا گٹروں اور نالوں سے ابل ابل کر آنے والے غلیظ پانی نے ڈبویا؟

ان مشکلات کے باوجود کراچی کے شہری خوش ہیں، کوئی جی بھر کے نہا رہا ہے، تو کوئی پکوڑے ، سموسے ، پراٹھے اور دیگر موسمی پکوان کھارہا ہے۔

دوسرے روزنارتھ کراچی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ائیرپورٹ، ملیر، فیڈرل بی ایریا، سخی حسن، گلبہار سمیت دیگر علاقوں میں تیز بارش ہوئی، جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 14اعشاریہ 5ملی میٹرریکارڈ کی گئی، ناظم آباد میں 11، صدر میں 9اعشاریہ 2، لانڈھی میں 12اعشاریہ5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پی اے ایف فیصل بیس پر10، ایئرپورٹ اولڈ ایریا 6، کراچی ایرپورٹ پر 13اعشاریہ8اور گلستان جوہر میں 7اعشاریہ1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔


کراچی کی بارش میں لیاقت آباد میں ایک ڈاکو کی موٹر سائیکل بند ہوگئی، جس پر لوگوں نے پتھراؤ شروع کردیا۔

بائیک بند ہونے کے باعث پھنسا ہوا ڈاکو موٹرسائیکل کو کک لگاتا رہا اور فائر بھی کرتا رہا،بالآخر موٹرسائیکل کو اسٹارٹ کرنے میں ناکامی پر وہ بائیک چھوڑ کر ہوائی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہوگیا۔

تازہ ترین