• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے مسلم دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ کھل کر کشمیریوں کی حمایت کرے۔ ایسے وقت میں جب بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کو کچلنے کے لیے ظلم کے تمام ہتھکنڈے آزما رہا ہے اور امریکہ نے اس کی پشت پناہی کرتے ہوئے حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا ہے ۔ ایران کی جانب سے مظلوم کشمیری عوام کی حمایت کا اعلان دوسرے اسلامی ملکوں کے لیے بھی کھلا پیغام ہے کہ وہ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے خاموش ہمدردی کی بجائے کشمیری عوام کا کھل کر ساتھ دیں۔ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ پاکستان نے دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف ہمیشہ کھل کر آواز اٹھائی ہے۔ فلسطین ہو، بوسنیا، چیچنیا یا برما کے مسلمان اس تناظر میں ایرانی رہنما کی جانب سے حمایت کا اعلان کشمیری مسلمانوں کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ عالم اسلام کے تمام مسائل یہود وہنود اور ان کی پشت پناہ عالمی قوتوں کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہیں۔ ایسی صورت حال میں اسلامی ملکوں پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی آزادی کے حق میں کھل کر آواز بلند کریں اور اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں پر مل کر دبائو ڈالیں کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی تسلط اور مظالم سے نجات دلائیں۔ عرب ملکوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ تحریک آزادی فلسطین کے رہنما یاسر عرفات بھی امریکہ اور اس کے حواریوں کی نظر میں دہشت گرد ہی تھے۔ مگر آخر کار انہیں یاسر عرفات کی حیثیت کو تسلیم کرنا پڑا۔ اس وقت وہ حماس کو بھی دہشت گرد ہی قرار دے رہے ہیں مگر اس سے مذاکرات کے بھی متمنی ہیں۔ کشمیری سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں کے مطابق اپنا حق مانگ رہے ہیں جو جلد یا بدیر اپنی جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے طفیل حاصل کر کے رہیں گے۔ عالم اسلام کو اس جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کرنی چاہئے۔

 

.

تازہ ترین