• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں بارشیں،چھتیں گرنےاورکرنٹ لگنےسے5افرادجاں بحق

لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور،شیخوپورہ،قصور، حویلی لکھا اور میاں چنوںسمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا ۔ملک بھر میں بارشوں کی وجہ سےچھتیں گرنے اورکرنٹ لگنے سے5افراد جاں بحق اور8زخمی  ہوگئے۔پری مون سون بارشوں کے نئے سلسلے نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں کو جل تھل کردیا۔فیروزوالہ کے علاقےراناٹاون میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون شبانہ بی بی ہلاک اورتین بچے زخمی ہوگئے اور چار بچے معجزانہ طور پر بچ گئے۔ریسکیو کے عملہ نے ملبہ اٹھا کر زخمیوں کو نکال کر اسپتال میں پہنچادیا ۔تھانہ صدر قصور کی حدود میں کالی پل کے قریب بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 60سالہ کمال دین جاں بحق جبکہ اسکا ساتھی محمدعمران شدیدزخمی ہوگیا جبکہ اس کی لاکھوں روپے مالیت کی بھینس اور بچھڑا بھی ہلاک ہوگئے، علاوہ ازیں کوٹ رادھا کشن کے علاقہ حویلی سوہن سنگھ والا میں امانت علی اپنے مال مویشیوں کو پانی پلا رہاتھا کہ موٹرکاکرنٹ لگنے سے اسکی بھینس ہلاک ہوگئی۔ حویلی لکھا میں گزشتہ شام بھٹہ خشت رمضان خاں کے مقام پر بھٹہ پر کام کرنے والے محنت کش تھپیرے نیاز احمد کے مکان کی چھت اچانک گرنے سے اس کی دو کمسن بیٹیاں جویریا عمر گیارہ سال فاطمہ عمر تین سال موقع پر جاں بحق جبکہ دو بیٹیاں پروین عمر بارہ سال اور صبا ٴ عمر تین سال شدیدزخمی ہو گئیں۔میاں چنوں کے نواحی گاؤں 21چودہ ایل کا رہائشی محنت کش محمد اشرف مستریوں کے ساتھ کام کر رہا تھا کہ اچانک بجلی کے تار سے چھو گیا جس کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہسپتال میاں چنوں منتقل کیا گیا جہاں پر ایمرجنسی میں ڈاکٹر کی عدم موجودگی میں محنت کش نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی ،ورثاء نے ایمرجنسی میں داکٹر کی عدم موجودگی پراحتجاج کیا ،اور وزیراعلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ادھرراوی  کےپرانے پل کے قریب ایک گوالے کا چھپڑ چھت گرنے سے ایک نوجوان شہباز زخمی ہوگیا جس کو طبی امداد کیلئے اسپتال پہنچادیاگیاہے۔صوبائی دارالحکومت لاہورسمیت دیگر علاقوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے لیسکو کے 21فیڈروں میں تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کی سپلائی بندہو گئی۔بارشوں کی وجہ سے لاہور میں 14جبکہ شیخوپور ہ اور اوکاڑہ سرکل میں 10فیڈر خراب ہو گئے۔لیسکو سسٹم میں بجلی کی طلب 2500میگا واٹ اور سپلائی 2450میگا واٹ رہی ۔  

تازہ ترین