• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم لندن کا وفا پرست کے نام سے سیاست کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم( لندن ) نے پاکستان میں اپنی سیاسی سرگرمیوں اور عوام سے رابطے کیلیے ’’ حق پر ست ‘‘کے بجائے ’’وفا پرست ‘‘ کے نام کا استعمال شروع کردیا ہے ۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم 1987سے2016 تک ہونے والے عام اور بلدیاتی انتخابات میں اپنے امیدواروں کیلیے ’’حق پرست امیدوار‘‘ اور ووٹ کے حصول کیلیے ’’حق پرست عوام ‘‘کی اصطلاح استعمال کرتی رہی ہے ۔ تمام کامیاب امیدوار ’’حق پرست منتخب عوامی نمائندے ‘‘کہلاتے رہے ہیں ۔تاہم 22 اگست 2016 کو کراچی پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ میں قائد متحدہ کی متنازعہ تقریر کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں نئی ایم کیو ایم پاکستان وجود میں آئی ۔ایم کیو ایم پاکستان نے منتخب نمائندؤں کیلیے حق پرست نمائندؤں کی اصلاح کو جاری رکھا ۔اس وقت ایم کیوایم لندن کی سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پاپندی عائد ہے ۔اس لیے ایم کیو ایم لندن نے عوام سے رابطے کیلیے ’’حق پرست ‘‘کے بجائے ’’وفا پرست ‘‘کی اصطلاح متعارف کرادی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ لندن کی جانب سے وفا پرست کی اصطلاح کا استعمال اس لیے کیا جارہاہے ہے کہ جو عوام بانی متحدہ کو اپنا قائد مانتے ہیں ۔وہ ان کے وفا دار ہیں ۔اس وقت ایم کیوایم لندن کی پاکستان میں موجود عبوری رابطہ کمیٹی خواتین پر مشتمل ہے جو غیر فعال ہے ۔ایم کیو ایم لندن کی پاکستان میں سیاسی سرگرمیاں صرف سوشل میڈیاتک محدود ہیں اور اس کے کارکنان رپووش یا غیر فعال ہوچکے ہیں ۔واضح رہے کہ اس نام کا استعمال متحدہ لندن کی جانب سے سب سے پہلے حیدرآباد اور صوبے کے دیگر اضلاع میں کیا گیا اور اب کراچی میں پی ایس 114میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے بائیکاٹ کیلیے وفا پرست عوام سے اپیل کی گئی ہے ۔ حیدر آباد میں بلدیاتی انتخاب میں ایک امیدوار نے وفا پرست کے نام سے کام یابی بھی حاصل کی تھی ،واضح رہے کہ ایم کیوایم لندن گروپ کوئی رجسٹرڈ جماعت نہیں ہے ۔ایم کیو ایم پاکستان الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے اور اس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار ہیں ۔

تازہ ترین