• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف بھول گئے ہمارا احتساب کس طرح کیا تھا، ابھی ابتدا ہے، زرداری

نوشہروفیروز/ ہالا (نامہ نگاران) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف بھول گئے ہمارا احتساب کس طرح کیا تھا، ابھی ابتداء ہے،  مریم بی بی کی بات آئی ہے تو ان کو تکلیف ہوگئی ہے، وہ زمانہ بھول گئے جب ہماری انٹروگیشن ہوتی تھی، شہید بی بی صاحبہ کو عدالتوں میں گھسیٹا کرتے تھے، آج انہیں پتا لگ رہا ہے احتساب کیا ہوتا ہے، یہ تو ابتدا ہے ابھی تو ان کےساتھ کچھ ہوا ہی نہیں ہے۔ گائوں قلندر بخش مبیجو  میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر تناہی کا شکار ہو رہا ہے، جس کا واضح ثبوت ٹرمپ اور مودی ملاقات اور دھمکیاں دینا ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ نوازشریف خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں کیونکہ انہیں صرف اپنی اور اپنی بیٹی مریم نواز کی فکر ہے مگر پاکستانی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پی پی قیادت نے پہلے بھی پاکستان کھپے کا نعرا لگاکر پاکستان کو بچایا تھا اور مستقبل بھی پی پی قیادت پاکستان بچائے گی۔ آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف اور عمران خان کو جمہوریت کی فکر نہیں، دنیا بھر میں جانور اچھے ہیں جبکہ ہمارے پاس انسان بھی اچھی حالت میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر مٹھایاں باٹنے والے آج جے آئی ٹی پر حملے کر رہے ہیں تاکہ جے آئی ٹی کو متنازع بنایا جائے مگر پاکستانی عوام انہیں سمجھ چکی ہے اب انکا جھوٹ نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ سردار مولابخش مبیجو اور انکے ساتھیوں کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں، سردار مولابخش مبیجو کی شمولیت سے پی پی ضلع نوشہروفیروز سے کلین سوئپ کرے گی۔ قبل ازیں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ سیاست کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے مگر وفاقی حکومت نے روزگار کے ذرائع بند کردیئے ہیں جس کی وجہ سے عوام بھوک اور بدحالی کا شکار ہیں۔ سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ہمارے مخالفین پیپلز پارٹی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، جس کی وجہ سے سازشیں کر رہے ہیں۔ اس موقع پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والے مبیجا برادری کے سردار مولابخش مبیجو نے بھی خطاب کیا۔  دریں اثناء زرداری ہائوس نوابشاہ میں ڈاکٹر مخدوم رفیق الزماں اور ضلع مٹیاری کے چیئرمین مخدوم فخر الزمان نے آصف زرداری سے ملاقات کی اور پارٹی امور اور سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کی تفصیلات صحافیوں کو بتائے ہوئے مخدوم رفیق الزماں اور فخرالزماں نے بتایا کہ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی چھوڑنے والوں کو ماضی میں کوئی مقام ملاہے اور نہ مستقبل میں ملے گا ، ملک میں جاری موجودہ بحران کے ذمہ دار نواز شریف ہیں۔

تازہ ترین