• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نانگا پربت پرلاپتہ ہونے والے 2غیر ملکی کوہ پیماؤں کی تلاش جاری

گلگت(صباح نیوز)دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت کو سر کرنے کی کوشش کرنے والے کوہ پیما کے ایک گروپ کے 2غیر ملکی اپنے باقی ساتھیوں سے علیحدہ ہوکر لاپتہ ہوگئے، جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔اسپین سے تعلق رکھنے ولے البریٹو زیرائین بیراساٹی اور ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے ماریانو گلاکان ایک 14رکنی گروپ کے ساتھ ʼقاتل پہاڑʼ کے طور پر مشہور سطح سمندر سے 8ہزار 1سو 26میٹر بلند دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی کو سر کرنے کی مہم پر تھے۔پولیس کے مطابق نانگا پربت سر کرنے کی مہم جوئی کرنے والے 14رکنی گروپ کے 12افراد موسم کی خرابی کے باعث واپس اپنے بیس کیمپ پر آگئے جبکہ 2افراد گذشتہ 3روز سے اپنی ٹیم کے ساتھ رابطے میں نہیں ہیں۔خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہسپانوی اور ارجنٹائن کوہ پیما شاید کسی برفانی طودے کی زد میں آگئے ہیں۔نانگا پربت کو سر کرنے کی اس مہم کے منتظم محمد اقبال نے بتایا کہ لاپتہ کوہ پیما کو تلاش کرنے کے لیے ریسکیو کا عمل جاری ہے۔عمومی طور پر نانگا پربت سر کرنے کے لیے کوہ پیماں کو 45دن کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایک زمینی ٹیم لاپتہ کوہ پیماں کی تلاش میں مصروف ہے جبکہ خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر ان افراد کی تلاش میں حصہ نہیں لے سکے۔الپائن کلب پاکستان کے ترجمان قرار حیدری کے مطابق مناسب کھانے کی عدم دستیابی اور غیر موزوں موسمی حالات کی وجہ سے لاپتہ افراد کو صحیح سلامت ڈھونڈ لینا مشکل ہے تاہم ریسکیو کی ٹیمیں ان افراد کی تلاش کی ہر ممکن کوششیں کر رہی ہیں۔

تازہ ترین