• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قمر زمان ایک بار پھر خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے صدر منتخب

پشاور (نمائندہ جنگ) خیبر پختونخووا اسکواش ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل ہوگئے اس سلسلے میں اسکواش ایسوسی ایشن کا جنرل کونسل اجلاس ہوا جس میں سابق عالمی قمرزمان، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس جنید خان، احسان اللہ خان،‘جعفر شاہ، ہمایون خان، تحسین اللہ خان سمیت آٹھ اضلاع کی سکواش کی تنظیموں کے صدور و سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایک کے علاوہ تمام عہدوں پر متفقہ طور پر عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ ملک تجمل حیات خان چیئرمین ،قمر زمان صدر، دائود خان سینئر نائب صدر، طارق محمود (ایبٹ آباد)، فقیر اعوان (کوہاٹ) اور مامون خان (بنوں) نائب صدور، احسان اللہ خان جنرل سیکرٹری، منور زمان ایسوسی ایٹ سیکرٹری، پرویز خان فنانس سیکرٹری،اعجاز خان اور شہاب الدین پریس سیکرٹری منتخب کئے گئے۔ ایگزیکٹو کمیٹی میں ڈائریکٹر اسپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم خان کو چیئرمین منتخب کیا گیا جبکہ ممبران میں ڈائریکٹر اسپورٹس جناح کالج پشاور چمن گل ، مردان سے مس گلنار، ڈائریکٹر اسپورٹس شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی ماریہ ثمین، ناظم نواں کلی سجاد خان خلیل، محمد وزیر، شیر بہادر، کوہاٹ سے ابرار شاہ، زبیر الہیٰ، ڈی آئی خان سے سجاد مانی اور چارسدہ سے تحسین اللہ خان شامل ہیں۔ انتخاب خان چمکنی ایڈوکیٹ کو لیگل ایڈوائزر منتخب کیا گیا۔ قمرزمان نے اپنے خطاب میں اسکواش کی تنظیموں کے عہدیداروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ان پر دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 25 جولائی سے پشاور میں قومی جونیئر انڈر17 اسکواش چیمپئن شپ اور خواتین سکواش چیمپئن شپ کھیلی جائے گی ، ایبٹ آباد، چارسدہ اور مردان سمیت تمام اضلاع میں بھی میچ کرائے جائیں گے جس کے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا، اس مرتبہ ڈسٹرکٹس ایسوسی ایشنز کی تجویز پر ویٹرنز اسکواش چیمپئن شپ بھی منعقد کی جائے گی، ہرضلع کے لئے صوبائی سطح کا ایک ٹورنامنٹ کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ چیئرمین ملک تجمل حیات خان ، طارق محمود، بحرکرم خان اور احسان اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔ طارق محمود نے اعلان کیا کہ ایبٹ آباد میں اسکواش کوچ تعینات کیا جائے گا جس کو ایبٹ آباد اسکواش ایسوسی ایشن تنخواہ دے گی ۔

تازہ ترین