• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارباب رحیم اپنے بھتیجے کو پی پی میں شامل ہونے سے روکنے میں ناکام

اسلام کوٹ(نامہ نگار ) ارباب رحیم اپنے بھتیجے کو پی پی میں شامل ہونے سے  روکنے میں ناکام، ارباب گروپ کے حامی شش وپنج میں مبتلا تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلی سندھ ارباب غلام رحیم کے بھتیجے اور نامور سیاستدان مرحوم ارباب امیر حسن کے فرزند ارباب لطف اللہ نے عید سے قبل پی  پی کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی تھی اور ذرائع کے مطابق معاملات مکمل طور پر طے پائے گئے تھے اور عید کے بعد ارباب گروپ کے ووٹرز سے اہم مشاورتی پروگرام طے پایا گیا تھا تاہم عید کے دوران حسب روایت ارباب خاندان کو مبارکباد دینے آنے والے لوگوں کو اس وقت اندرونی اختلافات کا اندازہ ہوا جب ارباب غلام رحیم  الگ ارباب ذکاءاللہ کی بیٹھک پر لوگوں سے مل رہا تھے تو ان کا بھتیجا اور متحرک نوجوان سیاستدان ارباب لطف اللہ اپنی آبائی بیٹھک پر لوگوں سے میٹنگز کر رہا تھا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ارباب رحیم اور باقی خاندان کے اہم افراد ارباب لطف اللہ کو پی  پی میں جانے سے روکنے کے لئے ان سے ملے اور منع کیا کہ ہم ایک ہی خاندان ہیں اور ایک ہی جگہ رہیں تو بہتر ہے مگر ارباب لطف اللہ کا موقف تھا کہ کسی نہ کسی پارلیمانی پارٹی کا حصہ بننا ضروری ہے تاکہ لوگوں کے کام ہو سکیں اور خاموش بیٹھنے کے بجائےعلاقے کی ترقی کے لئے کچھ کیا جا سکے تاہم اس پوری صورتحال میں ارباب خاندان سے سیاسی طور پر تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگ اور درجنوں برادریوں کے رہنماء شش وپنج میں مبتلا ہو گئے ہیں کہ چچا کاساتھ دیں یا بھتیجے کا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ارباب گروپ کے اکثر حامی ارباب لطف اللہ کے موقف سے اتفاق کرتے ہیں۔

تازہ ترین