• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اورنج اور گرین لائن بس روٹس کیلئے کھدائی، گڑھوں میں بارش کا پانی جمع، شہریوں کو شدید مشکلات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ریپڈ بس ٹرانزٹ سسٹم (آر بی ٹی ایس) کے تحت ’’گرین لائن اور ڈاکٹر عبدالستار ایدھی (اورنج) لائن بس‘‘ کے روٹس کی تعمیر کے لیے مختلف مقامات پر ہونے والی کھدائی کے نتیجے میں پڑنے والے گڑھوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات پیش آئیں اور کئی موٹر سائیکل سوار گڑھوں میں گر کر زخمی بھی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹائون سے شروع ہونے والی گرین لائن اور اورنگی ٹائون سے شروع کی جانے ایدھی لائن کے تعمیراتی کاموں کے دوران نارتھ ناظم آباد میں شیرشاہ سوری روڈ، بورڈ آفس، ناظم آباد میں نواب صدیق علی خان روڈ، گلبہار، بزنس ریکارڈر روڈ اور شاہراہ اورنگی کے مختلف مقامات پرکھدائی کے باعث متعدد گڑھے پڑ گئے ہیں، جن میں بارش کا پانی جمع ہوگیاہے، ان گڑھوں کے باعث متاثرہ مقامات سے گزرنے والی گاڑیوں خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں اور کئی موٹر سائیکل سوار ان گڑھوں میں گر کر زخمی بھی ہوچکے ہیں، شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورت حال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور انہیں جلد از جلد اس عذاب سے نجات دلائیں۔

تازہ ترین