• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچ علیحدگی پسندوں کا جاپانی پارلیمنٹ سے خطاب افسوسناک ہے،ایازصادق

ٹوکیو(عرفان صدیقی،نمائندہ جنگ ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بلوچ علیحدگی پسندوں کا جاپانی پارلیمنٹ کےاحاطے میں ارکان پارلیمنٹ سے خطاب افسوسناک عمل ہے جس کا جاپانی حکومت سے سرکاری طور پر اظہار افسوس بھی کیا ہے جس پر جاپانی حکام نے معذرت بھی کرلی ہے یہ انکشاف سردار ایاز صادق نے ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلوچستان کی ڈیڑھ کروڑ کی آبادی ہے اگر چند سو لوگ دشمن کے بہکاوے میں آکر علیحدگی کی بات کریں اور ان کی بات جاپان جیسے دوست ملک میں بھی سنی جائے تو یہ باعث افسوس ہی ہوسکتا ہے ، ایاز صادق نے کہا جاپان کو شمالی کوریا کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ کچھ تحفظات ہیں جن کو حل کرنے کے لیے سفارتی سطح  پر بات چیت جاری رہتی ہے ، ایاز صادق نے اپنے خطاب میں تحریک انصاف کے حوالے سے کہا کہ بطور اسپیکر وہ سب کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کرتےہیں تاہم عمراں خان ان کے بچپن کے دوست ہیں تاہم دو دفعہ الیکشن میں ان سے شکست کے بعد عمران خان کی ناراضگی آج تک باقی ہے اور دونوں میں بات چیت بند ہے ، ایاز صادق نے کہا کہ چاہتے تو دھرنے کے دوران  پی ٹی آئی کے استعفے قبول کرسکتے تھے تاہم پی ٹی آئی کے ارکان نے خود پس پردہ ان سے رابطے کرکے استعفے منظور نہ کرنے کی درخواست کی جسے انھوں نے قانون کے مطابق منظور بھی کیں جس کے باعث پی ٹی آئی آج بھی پارلیمنٹ میں موجود ہے ،اپنے خطاب کے بعد ایاز صادق نے پاکستانی کمیونٹی کے سوالات کے جوابات بھی دیئے اور بعض مسائل کے حل کا وعدہ بھی کیا ، ایاز صادق کے خطاب کی تقریب منیں جاپان بھر سے سو سے زائد کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی جس میں مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف سمیت کئی اہم سیاسی و سماجی و مذہبی تنظیموں کے ارکان تقریب میں موجود تھے۔

تازہ ترین