• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر آج آل ٹائم ریکارڈ ریونیو جمع کرے گا، ذرائع

اسلام آباد (حنیف خالد) ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ 11ماہ 29 دن میں ایف بی آر کو 3230ارب روپے کے ٹیکس وصول ہوچکے ہیں اور مالی سال کے آخری روز ایف بی آر یہ امید وابستہ کئے ہوئے ہے کہ 30جون 2017کو ایک دن میں انہیں 200سے 250ارب روپے ملنے کی امید ہے،ایف بی آر آج نصف شب تک ملکی تاریخ کا آل ٹائم ریکارڈ ریونیو جمع کرے گا جبکہ محکمہ  کسٹم نے 29جون کو تاریخ کی سب سے زیادہ کسٹم ڈیوٹی وصول کر کے نیا ریکارڈ قائم کرلیا۔ پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ ریونیو 2015-16مالی سال میں 3112ارب جمع کیا تھا لیکن ایف بی آر کی نئی انفورسمنٹ ٹیم نے ممبر آپریشنز رحمت اللہ خان وزیر کی سربراہی اور وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ریونیو ہارون اختر خان کی نگرانی میں فروری 2017سے لیکر اب تک جو حکمت عملی اختیار کی ہے، اس کے نتیجے میں آج نصف شب تک ایف بی آر کا ٹوٹل ریونیو ساڑھے چونتیس سو ارب سے زیادہ ہوجائے گااورعین ممکن ہے کہ 3470ارب روپے تک پہنچ جائے۔جمعرات کو رات گئے صرف ایک دن میں ایف بی آر نے 75ارب روپے کا ریکارڈ ریونیو وصول کیا جبکہ اس امر کے شواہد موجود ہیں کہ آج 30 جون کو رات 12 بجے تک بینک برانچیں اور ایف بی آر کے دفاتر کم وبیش سوا سو ارب روپے کا ٹیکس ریونیو جمع کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، 16 جون سے 30 جون 2017 تک ایف بی آر کیلئے 340 ارب روپے کی وصولیاں کوئی غیر معمولی عار نہیں ہوگی اور 3450سے 3470ارب تک ٹیکسوں کی وصولی پاکستان کی وصولی کا ایک نیا ریکارڈ ثابت ہوگی۔ دوسری جانب پاکستان کسٹم نے 29جون کی رات ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ کسٹم ڈیوٹی وصول کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جس وقت ایف بی آر کا میزانیاتی ریونیو ٹارگٹ 3621 ارب روپے کا تھا اس وقت کسٹم کا ٹارگٹ 477 ارب روپے رکھا گیا مگر محکمہ کسٹم نے 29 جون 2017ء کو ہی پہلے ٹارگٹ سے 13ارب روپے زیادہ وصول کر لئے اور قومی خزانے میں جمعرات کی شام 490ارب روپے کا ریونیو جمع کرایا ،آج جمعہ 30جون 2017ء کو محکمہ کسٹم مزید تین چار ارب روپے کی کسٹم ڈیوٹی وصول کرنے میں کامیاب ہو جائے گا ،اس طرح 477 ارب روپے کے بنیادی ٹارگٹ سے بھی محکمہ کسٹم کم و بیش 15، 16ارب روپے وصول کرے گا ملکی تاریخ میں کبھی کسٹم کے محکمے نے 493 ارب روپے سال بھر میں جمع نہیں کئے۔مزید برآں ایشیائی ترقیاتی بنک کی 85ویں سالگرہ تمام ایشیائی ممالک میں منائی جائے گی پاکستان میں اے ڈی بی کی 85 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرے گا جبکہ 6جولائی کو ایشیائی ترقیاتی بنک کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ژیائو ہانگ ژانگ اور وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سنیٹر اسحاق ڈار ایک تقریب کی صدارت کرینگے اور مہمان خصوصی ہونگے۔ علاوہ ازیںاوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے پاکستان کے سات بڑے انٹرنیشنل ہوائی اڈوں اسلام آباد‘ لاہور‘ کراچی‘ پشاور‘ کوئٹہ‘ ملتان‘ سیالکوٹ میں ون ونڈو سہولیاتی ڈیسک موثر اور مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہاں متعلقہ محکموں کے نمائندے ہمہ وقت موجود ہونگے،سمندر پار پاکستانیز ائرپورٹس پر درپیش کسی بھی مسئلے یا شکایت کے ازالے کیلئے ون ونڈو سہولیاتی ڈیسک سے رابطہ کیا کرینگے جہاں اُنکی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائیگا اور انہیں ہرممکن سہولت فراہم کی جائیگی۔ 

تازہ ترین