• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر:فوج، رینجرز ، پولیس کی داخلی وخارجی راستوں پر اچانک چیکنگ

سکھر (بیورو رپورٹ) کوئٹہ، پارہ چنار اور کراچی میں ہونیوالے دہشتگردی کے واقعات کے بعد سکھر میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا، پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے جوانوں نے داخلی و خارجی راستوں پر اچانک مشترکہ طور پر اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ شروع کردیا، آنے و جانیوالی گاڑیوں کو روک کر تلاشی لینے کے ساتھ لوگوں کے کوائف بھی چیک کیے جارہے ہیں، سینٹرل جیل، سکھر بیراج سمیت اہم تنصیبات پر بھی سیکورٹی سخت کردی گئی۔ سماج دشمن، جرائم پیشہ عناصر کو پکڑنے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے پاک فوج، رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق پارہ چنار، کوئٹہ اور کراچی میں یکے بعد دیگرے رونما ہونیوالے دہشتگردی کے واقعات کے بعد ملک بھر کی طرح ضلع بھر میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، امن و امان کی فضاء کو مکمل طور پر برقرار رکھنے، سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لئے پاک فوج، رینجرز اور پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر اچانک شہر کے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں و مقامات پر کسی بھی وقت اسنیپ چیکنگ شروع کردی جاتی ہے، پاک فوج، رینجرز اور پولیس اہلکار گاڑیوں کو روک کر تلاشی لیتے ہیں اور گاڑیوں میں موجود لوگوں کے کوائف بھی چیک کئے جاتے ہیں جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر بھی اچانک کارروائی کی جارہی ہے، جس کا مقصد سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کرنا ہے۔ پاک فوج، رینجرز اور پولیس کی جانب سے مشترکہ اسنیپ چیکنگ کے ساتھ ہی سینٹرل جیل، سکھربیراج، میر معصوم شاہ مینارہ سمیت اہم تنصیبات پر بھی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے، مذکورہ مقامات پر پولیس نفری تعینات کردی گئی ہے جو کہ مشتبہ افراد پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، شہر کی اہم شاہراہوں، رہائشی و تجارتی علاقوں میں پولیس گشت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، تمام تھانوں کے انچارجز کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے تھانوں کی حدود میں سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے موثر اقدامات کریں، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ شہریوں و تاجروں کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، گیسٹ ہاؤسز، مسافر خانوں کی انتظامیہ پر بھی واضح کردیا گیا ہے کہ وہ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے دیگر شہروں سے سکھر میں رہائش اختیار کرنیوالے افراد کا ریکارڈ مرتب کرکے پولیس کو اطلاع دیں، پولیس کی جانب سے ہوٹل، ریسٹورنس، گیسٹ ہاؤسز پر بھی اچانک کارروائی کرکے وہاں رہنے والے لوگوں کے کوائف چیک کیے جارہے ہیں اور جن کے کوائف مکمل نہیں ان کے ساتھ ہوٹل، ریسٹورنٹس، گیسٹ ہاؤسز کی انتظامیہ کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں، لاوارث حالت میں کھڑی گاڑی یا کسی بھی چیز کے متعلق فوری طور پر قریبی تھانے کی پولیس کو اطلاع دی جائے تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جاسکے۔ 

تازہ ترین