• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویگن میں گیس سلنڈرپھٹنے سے ماں بیٹے سمیت4افراد جاں بحق

ننکانہ صاحب (صباح نیوز،آئی این پی) مسافر ویگن میں گیس سلنڈرپھٹنے سےماں بیٹے سمیت 4 افراد جھلس کرجاں بحق ہو گئے۔ وین مالک اور کنڈیکٹر سمیت 11مسافر شدید زخمی حالت میں الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کر دیئے گئے۔مسافرویگن  فیصل آباد سے شیخوپورہ جا رہی تھی،گیس سلنڈر لیک ہو جانےکے باعث اچانک خوفناک دھماکے سے پھٹ گیا اور ویگن میں شدید آگ بھڑک اٹھی ،ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ، وین مالک اور کنڈکیٹر زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سے شیخوپورہ جانے والی وین نمبریMTI-132 میں 14افراد سوار تھے کہ ڈرائیور نے شاہکوٹ ٹول پلازہ بچانے کیلئے گاڑی اندرون شہر راستہ سے گذاری جب بد قسمت وین شاہکوٹ کے مین بازارمیں الائیڈ بنک کے سامنے پہنچی تو گیس  لیک ہو جانے کے باعث اچانک سلنڈرخوفناک دھماکے سے پھٹ گیا اور وین میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ ارد گرد دوکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور دوکاندار اپنی دوکانیں چھوڑ کر بھاگ گئے ۔وین میں آگ لگنے سے ماں بیٹے سمیت تین افرادموقع پردم توڑ گئے جبکہ باقی افراد بھی بری طرح جھلس گئے جن میں سے چار افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں حفیظہ بی بی سکنہ صفدر آبادکے علاوہ جھلسنے والے ماں بیٹے کی کوئی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ زخمی افراد میں31سالہ  فیاض،26سالہ تنزیلہ زوجہ فیاض ،9سالہ اسد ولد فیاض،2سالہ ایمان فاطمہ دختر فیاض سکنہ ملتان،علی حسین ،40سالہ عظمت علی ،30سالہ زاہدہ بی بی سکنہ گوجرانوالہ،25سالہ سعدیہ بی بی زوجہ شاہد سکنہ شاہکوٹ،27سالہ شبیر حسین،70سالہ نعمت علی شامل ہیں ان کے علاوہ نواحی گائوں مال چک کا رہائشی 35 سالہ وین کنڈیکٹر بابر جاوید ولد صابر جٹ اور وین مالک زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ڈرائیورشوکت سکنہ شاہکوٹ موقع سے فرار ہوگیا۔ریسکیو 1122نے بروقت پہنچ کر آگ بجھائی اورزخمی افراد کوطبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال شاہکوٹ منتقل کر دیاجہاں سے شدید حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے شہر بھر کی سیاسی سماجی تنظیموں نے اس واقعہ پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ لوکل ٹرانسپورٹ میں گیس سلنڈر کے استعمال پر فوری پابندی لگائی جائے۔ زخمیوں کو ریسکیو1122ننکانہ کے عملہ نے طبی امداد دینے کے بعدتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شاہکوٹ میں پہنچایا گیا او ر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت ضلع بھر میں برن یونٹ نہ ہونے کے باعث زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال فیصل آبادمنتقل کر دیا۔

تازہ ترین