• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سید صلاح الدین کشمیریوں کی حقیقی آواز، مودی ایک دہشت گرد ہے

برسلز (عظیم ڈار)حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو دہشت گرد کہنا، کشمیریوں کی آزادی سلب کرنے کے مترادف ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زبان میں سید صلاح الدین کو دہشت گرد کہنا قابل افسوس ہے۔ ان خیالات کا اظہار ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر نے برسلز سے جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حزب المجاہدین نے ہمیشہ کشمیری قوم کی آزادی کی خاطر پرامن احتجاج کیا ہے اور سید صلاح الدین کشمیریوں کی حقیقی آواز ہیں جنہوں نے اپنی ساری زندگی تحریک آزادی کیلئے وقف کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی ایک دہشت گرد ہے جس نے دہشت گردی کے ذریعے پاکستانی قوم کو متعدد دہشت گرد حملوں کے ذریعے نقصان پہنچایا جس کا سب سے بڑا ثبوت انڈیا کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو پاکستان کے اندر دہشت گرد حملوں میں نہ صرف ملوث پایا گیا بلکہ اس نے کئی دہشت گرد حملوں کی تصدیق بھی کی اور سینکڑوں کی تعداد میں معصوم پاکستانیوں کو شہید کیا، چوہدری پرویز اقبال لوسر نے کہا کہ مودی بوچر آف گجرات رہا ہے جس نے انڈیا کے اندر ہندو مسلم فسادات کرائے۔ وزارت عظمیٰ سے قبل امریکہ اور یورپی ممالک نےمودی کے آنے پر پابندی لگا رکھی تھی کیونکہ RSSایک دہشت گرد تنظیم ہے جس نے بھارت کے اندر ہمیشہ دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان سے کشمیریوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو چاہیئے تھا کہ وہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے خلاف بیان دیتے جس نے انسانی حقوق کی پامالیاں کیں اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچایا۔ چوہدری پرویز لوسر نے کہا کہ پاکستانی سیاسی قیادت کی صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد خاموشی پاکستان کے کشمیر پر موقف پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔لہٰذا موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ پوری پاکستانی قوم سیدصلاح الدین کی حمایت کیلئے اپنی آواز بلند کرے اور مودی جوکہ حقیقی دہشت گرد ہے اور ایشیاء میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے اسکے خلاف عالمی عدالت میں کیس دائر کیا جائے اور ہندوستان کا سوشل بائیکاٹ کرنے کیلئے یورپی ممالک سے اپیل کی جائے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیری قوم کا ساتھ دیں۔

تازہ ترین