• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاراچنارکے رہائشیوں کے ساتھ ناروا سلوک بند، تحفظ فراہم کیا جائے، چیتھم ہل میں مظاہرہ

مانچسٹر (غلام مصطفی مغل) چیتہم ہل میں شعبہ کمیونٹی اور علما کرام نے سانحہ پارا چنار میں شہید82افراد کے لواحقین اور 250زخمیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے شمعیں روشن کیں اورمظاہرہ کیا ۔شہریوں کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مظاہرین نے واقعہ کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مولانا فدا حسین بخاری، مولانا سید نجم الحسین، مولانا اظہر نقوی، ڈاکٹر عماد نقوی غلام حسین عدیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار میں بے گناہ شہریوں کا قتل عام بند کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ کرم ایجنسی کے صدر مقام پارا چنار کے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ شیعہ کمیونٹی پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ ہے۔ کمیونٹی نہ صرف بانی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی تھی بلکہ پاکستان بنانے میں شیعہ کمیونٹی نے بھرپور ساتھ دیا۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبات کیے کہ کرم ایجنسی اور پارا چنار کے رہائشیوں کے ساتھ ناروا سلوک بند کیا جائے اور وہاں سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، فرقے یا مسالک سے قطع نظر تمام شہید اور زخمیوں کے ساتھ بحیثیت پاکستانی سلوک کیا جائے۔ وطن عزیز میں دہشت گردوں کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم مذہب، نسل سے بالاتر ہوکر کھڑے ہیں، ہمارے ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سانحہ احمد پور شرقیہ میں جاں بحق اور زخمیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے برطانیہ سے فوراً وطن واپس آسکتے ہیں اور متاثرین کو معاوضہ دے سکتے ہیں۔ لیکن سانحہ پارا چنار کے متاثرین کے ساتھ وزیراعظم نوازشریف سوتیلی ماں جیسا کیوں سلوک کرتے ہیں۔ نواز شریف پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں کسی ایک صوبہ کے نہیں، انہیں چاہیے کہ فوراً پارا چنار کے واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور زخمیوں کی عیادت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی کے واقعات کو نہ روکا گیا اور ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو شیعہ کمیونٹی پوری دنیا میں احتجاج کرے گی،یہ ان کا جمہوری حق ہے۔ اس موقع پر جعفریہ فائونڈیشن کے چیئرمین قیصر عباس بخاری، سید سجاد کاظمی، سید فرحت عباسی، ممتاز کاظمی، نعیم نقوی، سید تراب علی، ملک صابر حسین، شیخ محمد عارف، محمد افضل مرزا کے علاوہ لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

تازہ ترین