• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمیونٹی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کشمیر ریلی میں شرکت کرے

برمنگھم (پ ر) آزاد کشمیر اسمبلی میں اوورسیز کشمیریوں کے رکن اسمبلی راجہ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تمام پاکستانیوں اور کشمیری کمیونٹی کا مشترکہ کاز ہے کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئےعالمی معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کو سیاسی اور جماعتی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر8جولائی کو برمنگھم سٹی سینٹر کونسل ہائوس کے سامنے منعقد ہونے والی کشمیر ریلی میں بھرپور شرکت کرنی چاہئےتاکہ عالمی برادری کی توجہ کشمیر کے حالات پر مرکوز کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ اور تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب اورتحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی کی طرف سے کشمیر ریلی میں شرکت کے لیے دی گی دعوت کے موقع پر ایک ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کاپُرامن حل چاہتاہے پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کا پابند ہے ،خطے میں کشیدگی کسی کے حق میں نہیں ہے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف ہر فورم پر یہ اظہار کر چکے ہیں کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کرے ۔راجہ جاوید نے کہا کہ برطانیہ میں آباد کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی اور سفارتی محاذ پر کشمیر کاز کے بڑی کوششیں اور کردار ہے،ان کاوشوں کے نتیجے میں کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ایوانوں تک پہنچانے میں مدد ملی ہے۔برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لایا گیا اور کشمیریوں کی ہمیشہ حمایت کی گئی ہے اور برطانیہ بھی مسلہ کشمیر کا پُرامن حل چاہتا ہے۔

تازہ ترین