• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش کے بعد کراچی کی اہم سڑکیں تالاب بن گئیں

After Rain Karachi Streets Gets Flooded With Water

کراچی میں دو دن کی موسلا دھار بارش کے بعد کراچی کے بعض علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ساتھ اور مسائل کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ڈیفنس، کلفٹن، شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہ پاکستان ،وزیر اعلیٰ ہاوس،گورنر ہاؤس جانے والی سڑکیں اور ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کی اہم سڑکیں تالاب بن گئی۔

گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد رات گئے خراب ہونے والی گاڑیاں اب بھی سڑکوں پر موجود ہیں،جبکہ واٹر پمپ، عائشہ منزل، کے ڈی اے چورنگی اور دیگر اہم چوراہے کئی کئی فٹ پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔بے تحاشا پانی جمع ہونے سے شہریوں نے گزشتہ رات بدترین ٹریفک جام کا عذاب جھیلا اور جا بجا اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکلوں کے لیے امداد کے منتظر نظر آئے۔

واٹر پمپ چورنگی کے اطراف کے علاقوں اور گجرنالے سے متصل کے بی آر سوسائٹی ، کلفٹن اور ڈیفنس میں بارش کا ریلا مساجد اور گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث مکینوں کو سخت پریشانی کاسامنا کرنا پڑا، بارش کے دوران کرنٹ لگنے، ڈوبنے اور چھت گرنے کے واقعات میں 4بچوں سمیت1 1افراد ہلاک ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 54 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ نارتھ کراچی 48،لانڈھی 47،صدر34 ،ناظم آباد 34، کراچی ایئرپورٹ پر 29، فیصل بیس پر25، ماڈل کالونی پر23 اور مسرور بیس پر17ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آئندہ12سے24گھنٹوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے تاہم اگلے 48گھنٹوں میں مون سون کا سسٹم کمزور پڑھ جائے گا اورآنے والے ہفتے میں بارشوں کا امکان نہیں تاہم موسم گرم اور بادل چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

تازہ ترین