• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فٹبال کو فیفا کی پابندی نہیں معطلی کے سامنے کا امکان

Pakistan Football Federation Likely To Be Suspended From Fifa

عالمی سطح پر پاکستانی فٹ بال پر پابندی کے خطرات انتہائی حد تک بڑھ گئے ہیں،فیفانے پاکستان میں فٹبال کا کنٹرول اپنی تسلیم شدہ باڈی کی حوالگی تک پاکستان کی رکنیت معطل کر نے کی وارننگ دے رکھی ہے۔

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے پاکستان میں فٹ بال کی دگر گوں صورتحال کا کئی بار جائزہ لیا گیا اور معاملات میں سدھار لانے کیلئے پی ایف ایف کو کئی خطوط بھی لکھے لیکن نتائج حاصل نہ ہونے پر فیفا نے پاکستان کو ایک ہفتے قبل حتمی وارننگ بھی دیدی ہے کہ پاکستان فٹ بال کے معاملات معطل کردیئے جائیں گے تاہم ان پر پابندی نہیں لگائی جائے گی۔

پاکستان میں گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے جاری فٹ بال کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، اس ضمن میں فیفا کی جانب سے لکھے گئے خط میں واشگاف الفاظ میں پاکستان کی حکومتی اتھارٹیز کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا کنٹرول 31جولائی تک فیصل صالح حیات کی قیادت میں بننے والی فیفا کی تسلیم شدہ آئینی باڈی کے حوالے نہ کیا گیا تو عالمی فٹ بال سے پاکستان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی جس کی مطلب اگرچہ فیفا میں پاکستان کی رکنیت تو بحال رہے گی لیکن پاکستانی فٹ بال کی تمام سرگرمیاں رک جائیں گی۔

فیفا کی تسلیم شدہ پی ایف ایف کے ذرائع بتاتے ہیں کہ فیفا کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈ لائین غیرمتوقع نہیں ہے اور اس بابت بارہا ارباب اختیار کو آگاہ کیا جاتا رہا ہے۔ انہی ذرائع نے میڈیا میں پھیلائی جانے والی ان خبروں کی بھی سختی سے تردید کی ہے کہ اس معطلی کی صورت میں فیڈریشن کے نئے الیکشن کروائے جائیں گے۔ فیفا کا حقیقی موقف یہ ہے کہ فٹ بال فیڈریشن کا کنٹرول فوری طور پر ہماری تسلیم شدہ باڈی کے حوالے کیا جائے جس کے صدر فیصل صالح حیات ہیں اور ممکنہ معطلی کا خاتمہ بھی اس صورت میں ممکن ہو گا جب پی ایف ایف کا کنٹرول فیصل صالح حیات کے حوالے کر دیا جائے گا ۔

پی ایف ایف کے ذرائع اور فٹ بال کے غیر جانبدار حلقے واشگاف الفاظ میں اس تمام صورتحال کا ذمہ دار حکومتی مداخلت کو قرار دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم کے قریبی رشتہ دار کو پی ایف ایف کا صدر بنانے کی غیر آئینی کوشش کی وجہ سے آج پاکستان کا فٹ بال تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ معطلی کی صورت میں پاکستان کے فٹ بال پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے،پاکستان کا عالمی فٹ بال کمیونٹی سے رابطہ کٹ جائے گا۔ ہمارے کھلاڑی، ریفریز، کوچز غرض کہ فٹ بال سے متعلقہ تمام افرادکا مستقبل تباہ و برباد ہو جائے گا۔

ذرائع کے اس دعویٰ کی تصدیق گزشتہ دنوں وفاقی وزیر ریاض پیزادہ کی جانب سے دیئے جانے والے اخباری بیان سے بھی ہوتی ہے جس میں انہوں نے حافظ سلمان بٹ کو فٹ بال ہائوس پر قبضہ کرنے والی ’’ مافیا‘‘ کا حصہ قرار دیا تھا۔ معطلی کی صورت میں فیفا کی جانب سے دنیا بھرکے211 ممالک کو خط لکھ کر پاکستان پر لگنے والی پابندی سے آگاہ کیا جائے گا جس سے دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی فٹ بال کی تباہی کے علاوہ ہوگی۔

واضح رہے کہ فیفا نے سوڈانی حکومت کی مداخلت پر بھی وہاں فٹ بال کے معاملات کو معطل کردیا تھا جس کے بعد سوڈانی حکومت نے فٹ بال معاملات سے ہاتھ کھینچ لیا اور فیفا نے وہاں کی فٹ بال رکنیت بحال کردی۔

تازہ ترین