• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاضی کا سب سے بڑا انعام جیتنے والی مریم میرزاخانی انتقال کر گئیں

ریاضی کے میدان میں دنیا کا سب سے بڑا اعزاز’فیلڈز میڈل (ریاضی کا نوبل انعام) ‘ جیتنے والی پہلی خاتون مریم میرزاخانی امریکا میں انتقال کر گئیں۔

انھیں چھاتی کا کیسنر ہو گیا تھا جو بعد میں ان کی ہڈیوں تک پھیل گیا اور وہ 40 سال کی عمر میں کیسنر سے جنگ ہار گئیں۔

ایرانی نژاد پروفیسر میرزاخانی کو  2014 میں جیومیٹری اور ڈائنییمیکل سسٹمز کے میدان میں تحقیق کی بنیاد پر نوازا گیا تھا۔

پروفیسر میرزاخانی 1977 میں ایران میں  پیدا ہوئیں تھیں اور فیلڈز میڈل حاصل کرنے سے پہلے 20 سال سے کم عمر میں وہ ریاضی کے بین الاقوامی مقابلوں میں دو سنہری تمغے جیت چکی تھیں۔

انھوں نے امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی سے سنہ 2004 میں پی ایچ ڈی مکمل کر لی تھی، جس کے بعد وہ سٹینفورڈ یونیورسٹی میں ریاضی کی پروفیسر تعینات ہو گئی تھیں۔

اپنے انتقال سے تین برس پہلے جب انھیں فیلڈز میڈل سے نوازا گیا تو وہ 1936 سے جاری یہ ’نوبل انعام‘ جیتنے والی پہلی خاتون تھیں۔

ان کے انتقال پر امریکی خلائی ادارے ’ناسا‘ میں ان کے ساتھ کام کرنے والے سائنسدان فیروز نادری نے انسٹا گرام پر لکھا ہے کہ ’آج ایک روشنی بُجھ گئی ہے۔ مریم کے انتقال کی خبر سے میرا دل ٹوٹ گیا ہے، وہ بہت جلدی چلی گئیں۔‘

واضح رہے فیلڈز میڈل، جسے عرف عام میں ’ریاضی کا نوبل انعام‘ بھی کہا جاتا ہپے، ہر چار سال بعد دو سے چار ایسے ماہرین ریاضی کو دیا جاتا ہے جن کی عمر 40 برس سے کم ہوتی ہے۔

 

تازہ ترین