• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف واقعات و حادثات میں 4افرادہلاک، 15 زخمی، کمسن لڑکی نہر میں ڈوب گئی

شہداد پور+میر پور خاص+ٹنڈو محمد خان(نامہ نگاران) مختلف واقعات و حادثات میں 4؍افراد ہلاک اور 15زخمی  ہوگئے جبکہ کمسن لڑکی نہر میں ڈوب گئی۔گوٹھ ماندھو مہر میں زمین کے تنازع پر بڑے بھائی نے  جھوٹے بھائی کو کلہاڑیوں کے پے در پے  وار کرکے شدید زخمی کردیا  تفصیلات کے مطابق شہدادپور شاہپورچاکر روڑ پر گوٹھ فضل تلہانی کے سامنے نوابشاہ جانے والی تیزرفتار مسافر وین ٹائر پھٹ جانے کے باعث الٹ گئی اور قلابازی کھاتی ہوئی کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 10افراد شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں املو،رتن، منو،کیول اور دیگر شامل ہیں۔ چار شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت میں نوابشاہ منتقل کر دیا گیا۔ میرپورخاص تعلقہ سندھڑی میں پھلاڈیوں کے قریب 8سالہ لڑکا گوپھی میگواڑھ دوسو مائنر میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا۔ورثا اور علاقے کے لوگوں نے لاش کی تلاش شروع کردی  ہے۔دریں اثناء میرپورخاص کے قریب میرواہ تھانے کی حدود میں واقع گاؤں سے 22سالہ شادی شدہ خاتون  ویراں کولہی کو تشویش ناک حالت میں سول اسپتال میرپورخاص لایا گیا،جہاں اس کے شوہر نے صحافیوں کو بتایا کہ اس کی بیوی پر جنوں کاسایہ ہے اور اس نے گھر میں گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر خودکشی کرنے کی کوشش کی تھی جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد ہی اصل صورت حال سامنے آ ئے گی۔

ٹنڈومحمدخان پھلیلی نہر میں نامعلوم شخص کی لاش دیکھ کر شہریوں نے مقامی پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے لاش کو غوطہ خوروں کی مدد سے نکال کر ایدھی رضاکاروں کو دی جنہوں نے ڈسڑکٹ اسپتال ٹنڈو محمدخان منتقل کیا تاحال لاش کی شناخت نہیں ہو سکی۔ عمر کوٹ گوٹھ ماندھو مہر میں زمین کے تنازع پر بڑے بھائی اقبال سموں نے اپنے جھوٹے بھائی انور سموں کو کلہاڑیوں کے پے در پے  وار کرکے شدید زخمی کردیا جس کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال عمرکوٹ میں علاج کے لئے داخل کردیا گیا ہے۔دریں اثنا گوٹھ ڈیاتبھ میں گلی کا راستہ روکنے پر مہر برادری کی دو پارٹیوں میں تصادم ہو گیا جس میں تین افراد نورمحمد، اللہ ڈنو مہر اور  اللہ داد مہر شدید زخمی ہو گئے جنہیں سول اسپتال عمرکوٹ میں داخل کردیا گیا ہے۔ خیرپورناتھن شاہ گاؤں مراد بھٹی میں ڈیڑھ سالہ کمسن لڑکی رخسانہ بروہی  کھیلنے کے دوران نہر میں گرنے  سے پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئی۔

دریں اثناء انڈس ہائی وے پر  واقع گاؤں رشید وگن کے مقام پر آٹھ سالہ کمسن لڑکا منیر گاڈھی سڑک عبور کرنے کے دوران تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے کے نتیجے میں زخمی ہوگیا۔ زخمی کو چانڈکہ سول اسپتال لاڑکانہ ریفر کیا گیاہے ۔ کندھ کوٹ بخشاپورپھاٹک کے مقام پر قومی شاہراہ پر روڈ عبورکرتے ہوئے 10سالہ بچہ زین الدین ولد صدرگولوگاڑی کی زد میں آ گیا۔ بچے کی لاش مقامی اسپتال سے ضروری کارروائی کے بعدورثا کے حوالے کردی پولیس نے کارڈرائیورکو گرفتارکرلیا۔

تازہ ترین