• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹرول لائن ، پاک فوج کی گاڑی پر بھارتی فائرنگ 4شہید، جوابی کارروائی، بھارت کا بھاری نقصان

Todays Print

نکیال،راولاکوٹ،منڈھیر(نمائندہ جنگ ،خبر ایجنسی)کنٹرول لائن پرنکیال سیکٹرمیں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری سے پاک فوج کی ایک جیپ دریائے نیلم میں جاگری جس کے نتیجے میں جیپ میں سوار چاروں جوان دریا میں ڈوب گئے ،ایک کا جسد خاکی نکال لیا گیا جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے.

فائرنگ اور گولہ باری سےبچی سمیت3افرادبھی زخمی ہوئے، بھارتی فوج کی فائرنگ اورگولہ باری کاپاک فوج نے منہ توڑ جواب دیاجس کے نتیجے میں ایک بھارتی اہلکار ہلاک اورچوکی تباہ ہو گئی ،ادھر وزیر اعظم نواز شریف نےپاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے گاڑی دریا میں گرنے سے جاں بحق فوجیوںکے اہل خانہ کےساتھ گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے پونچھ سے ملحقہ کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور سول آبادی کو نشانہ بنایا جس سے پاک فوج کی ایک جیپ دریائے نیلم میں جاگری جس کے نتیجے میں چار جوان ڈوب گئے، ایک کا جسد خاکی نکال لیا گیاجبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے جبکہ نکیال سیکٹرکے گائوں ترکنڈی،نرگل،لدھیال کالونی، ریتلہ،ناون اورکلر گالہ میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے 15سالہ انیلہ ریاض،21سالہ گل سفیر اور فاروق زخمی ہو گئے ،گولہ باری سے متعدد مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ادھرپاک فوج نے بھارتی جارحیت کاجواب دیتے ہوئے دشمن کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں بھارت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے تاہم بھارت نے اپنے ایک اہلکارکی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیاکی طرف سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ پاکستانی فوج کی طرف سے بالاکوٹ اورترکنڈی میں چھو ٹے اور درمیانے درجے کے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ 120اور 82ایم ایم کے ما رٹرگولے برسائے گئے جن کی زدمیں آکرفوج کاایک اہلکار ہلاک ہوگیاجوپندرہ جیکلائی سے وابستہ تھا،اہلکار کی شناخت محمدنصیر ساکن اجو ٹ پونچھ کے نام سے ہو ئی ہے ۔

دری اثنا وزیراعظم محمد نوازشریف نے پاک فوج کی گاڑی پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کی اور گاڑی دریا میں گرنے سے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کےساتھ گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے پاک فوج کی جانب سے فائرنگ کا بھرپور جواب دینے پر تعریف بھی کی۔

تازہ ترین