• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس دن نواز شریف نے کال دی، عمران کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، ن لیگ

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) نے کہاہے کہ ایک پارٹی کے ارکان استعفے واپسی کی بھیک مانگتے ہوئے دوبارہ اسمبلی آئے، وہی لوگ اب وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں ،کوئی شرم ،کوئی حیاء، جس دن نوازشریف نے اپنے کارکنوں کوکال دی، عمران خان کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، عمران خیبر پختونخوا کے احتساب کمیشن کا تالا اپنے منہ کو لگائیں، عدالت سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، سپریم کورٹ کرپشن کے بیان پرپرویزخٹک کیخلاف سوموٹو لے۔

ان خیالات کا اظہار مریم اورنگزیب، خواجہ آصف اور امیر مقام نے الگ الگ اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔گزشتہ روزوزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نےاپنے بیان میں کہا کہ تین عدالتوں سے مفرور دوسروں کے احتساب کی بات کس منہ سے کر رہا ہے ، عمران خان خیبر پختونخوا کے احتساب کمیشن کا تالا کھول کر اپنے منہ کو لگائیں۔ وزیرمملکت نے کہاکہ پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والا آج پارلیمنٹ کی عزت کی بات کر رہا ہے، ، اداروں کو گالی دینا والا شخص اداروں کی عزت کی بات کر رہا ہے، زکوٰۃ کے پیسے پر منی لانڈرنگ کرنے والا آج دوسروں پر انگلیاں اٹھا رہا ہے، عمران صاحب آپ نے صحیح کہا آپ کو پاکستان کے عوام نہیں چھوڑیں گے ، جس دن نواز شریف نے اپنے کارکنوں کو کال دی ،عمران کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں ہمیشہ کی طرح وزیراعظم سرخرو ہوں گے اور آپ کو شرمندگی ہو گی۔

دریں اثناوزیردفاع خواجہ آصف نےمیڈیاسے گفتگومیں کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑرہی ہیں، کوئی وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کررہا ہے اور کوئی انتخابات کے خواب دیکھ رہا ہے، جے آئی ٹی رپورٹ مضحکہ خیز ہے، جس پر قوم بھی غصے میں ہے، رپورٹ کو آج سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا ،ہم عدالت سے سرخرو ہوں گے، دھرنے دینے والوں کو پہلے کی طرح مایوسی کا سامنا کرنا پڑیگا، نوازشریف کسی کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔وزیردفاع کا کہنا تھا کہ بیرونی طاقتیں سی پیک اور گوادر پر بری طرح اثرانداز ہورہی ہیں، دشمن پاکستان کو دبا ئومیں رکھنا چاہتے ہیں، دہشتگردوں کی امداد ایک بین الاقوامی کاروبار بن چکا ہے لیکن پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے، اس قوم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دنیا میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور یہ قربانیاں دہشتگردی کے خلاف بنی نو انسان کی تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں۔

یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ڈھائی سال قبل اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ منظوری کے لئے نہیں، اور بعد میں وہی ہوا استعفیٰ دینے والے گھٹنوں کے بل معافیاں مانگتے ہوئے اسمبلیوں میں واپس آئے، اب وہی معافیاں مانگنے والے وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں وہ پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور پہلے خود عدالتوں کا سامنا کرکے اپنے کیسز نمٹائیں۔

جبکہ اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ زیادہ عرصہ نہیں گزرا کہ ایک پارٹی نے پارلیمنٹ سے استعفے دیئے، اس پارٹی کے ارکان استعفیٰ واپسی کی بھیک مانگتے ہوئے دوبارہ اسمبلی آئے تھے ۔ وہی لوگ اب وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں ،کوئی شرم ،کوئی حیاء؟ جبکہ وزیر اعظم کے مشیرامیرمقام نےبازیدخیل میںسوئی گیس پائپ لائن منصوبے کے افتتاح کے بعد جلسہ سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ملک چلانے اوربلے چلانے میںبہت فرق ہے،بلاجوش جبکہ ملک ہوش سے چلایا جاتاہے، وزیراعظم کونااہل نہ کرنے پرکھلے عام سب کوکرپشن کی اجازت دینے کے بیان پرسپریم کورٹ کوپر ویز خٹک کے خلاف سوموٹو ایکشن لینا چاہئے، صوبے میں کرپشن کی جو گنگا بہہ رہی ہے اس سے اللہ تعالیٰ پورے پاکستان کواپنے امان میں رکھے،امیرمقام نے کہاکہ نوازشریف کی قائدانہ صلاحیت اورسیاسی بصیرت کی بدولت آج لوگ کاروبارکرنے پاکستان آرہے ہیںجوعمران نیازی اورانکے ٹولے کوہضم نہیںہورہا۔انہوں نے کہاکہ پرویزخٹک کو چاہئے کہ میٹرو بس سروس سے پہلے میٹروکشتی کا منصوبے کا آغاز کریں۔

تازہ ترین