• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرفان صدیقی کو حکومت جاپان کے خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا

کراچی (نیوزڈیسک ) صحافت کے شعبے میں خدمات کے اعتراف اور پاک جاپان تعلقات میں فروغ کے سلسلے میں کردار ادا کرنے پر حکومت جاپان کی جانب سے جنگ گروپ کے سینئر صحافی اور کالم نویس عرفان صدیقی کو حکومت جاپان کی جانب سے خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ، اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی قونصل جنرل توشی کازو ایسومورا نے کہا ہے کہ عرفان صدیقی نے اپنی صحافت اور کالم نگاری سے پاکستان اور جاپان کے درمیان پل کا کردار ادا کیا ہے جبکہ ان کی تحریروں سے پاکستانی عوام میں جاپان کو متعارف کرانے میں مدد ملی ہے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سندھ وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت جاپان کی جانب سے عرفان صدیقی کو دیا جانے والا ایوارڈ پاکستان کے عوام کے لیے باعث فخر ہے ، عرفان صدیقی کی تحریریں حق اور سچ کے اصولوں پر پورا اترتی ہیں جبکہ پاکستانی عوام بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ عرفان صدیقی جاپانی سرکاری ایوارڈ پر مبارکباد کے مستحق ہیں وہ لوگوں کو جوڑنے کا کام کررہے ہیں ورنہ آجکل تو لوگ صرف توڑنا جانتے ہیں۔ اس موقع پر سینئر کالم نگار اور مراکش کے اعزازی قونصل جنرل اشتیاق بیگ نے کہا کہ عرفان صدیقی کی تحریریں انتہائی دلچسپ اور معلوماتی ہوتی ہیں اور بلاشبہ ان کی تحریروں سے پاکستان میں جاپان کو ایک نئی شناخت ملی ہے اور ان کی خدمات کا اعتراف حکومت جاپان کی جانب سے کیا جانا ایک تحسین عمل ہے جس پر جاپانی حکومت بھی مبارکباد کی مستحق ہے ۔ اس موقع پر ہمدرد پاکستان کی چیئرپرسن اور حکیم سعید کی صاحبزادی سعدیہ راشد نے کہا کہ عرفان صدیقی جو کام کررہے ہیں وہ بلاشبہ قابل تعریف ہے کیونکہ حکیم سعید شہید کو بھی جاپانی عوام سے بہت محبت تھی وہ چاہتے تھے کہ جاپانی طالبعلم پاکستان کا دورہ کریں اور امید ہے کہ عرفان صدیقی کی کوششوں سے جاپانی طالب علم بھی پاکستان کا دورہ کرنا شروع کریں گے ۔

اس موقع پر پاک جاپان بزنس فورم کے چیرمین سہیل پی احمد، پاک جاپان بزنس کونسل کے ڈائریکٹر اشفاق احمد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور حکومت جاپان اور عرفان صدیقی کو اس اہم ایوارڈ کے حصول پر مبارکباد پیش کی ۔

تازہ ترین