• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت بنگالی ماہی گیروں کیلئے اسپتال قائم کریگی، ناصرحسین شاہ

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیربرائے اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ ماہی گیرو ں خصوصا بنگالی ماہی گیروں کے لئے صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایک اسپتال کا قیام عمل میں لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے گی نیز دیگر مسائل کے حل اور شناختی کارڈ وغیرہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ یہ بات انہوں نے  ماہی گیروں کی بستی محمدی کالونی میں بنگالی ماہی گیروں کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری بنگالی ماہی گیروں کے مسائل فوری حل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، روزگار تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ بجلی کی سہولت فراہم کرنے کے لئے کے الیکٹرک سے ٹھوس بنیادوں پر عملی اقدامات کرائیں گے بلا سود قرضے اور مالی اعانت فراہم کرنے کے لئے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان بنگالیز ایکشن کمیٹی کے صدر شیخ محمد فیروز ،چیئر مین فشر مین کوآپریٹیو سوسائٹی عبدالبر نے بھی خطاب کیا اور بنگالی ماہی گیروں کے بنیادی مسائل ،سہولیات اور شناختی کارڈ کے حصول کے بارے میں آگاہی دی۔تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنمابشمول ابو زر ماڑی والا،مولانا رفیق الحسینی ،نعیم شیخ ،علاؤالدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تازہ ترین