• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ ہے،غزوہ ہندجاری رہے گی،کشمیرکانفرنس

لاہور (نمائندہ جنگ) مذہبی،سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین نے شہدائے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط،غیر مقروض،ناقابل تسخیر پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔ جدوجہد آزادی کشمیر سے غداری کرنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔کشمیر کے حوالہ سے حکومت اپنی دوٹوک پالیسی واضح کرے،شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔حافظ محمد سعید کی نظربندی اور سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینے سے تحریک آزادی کمزور نہیں ہو گی۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے اسلام آباد میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ کشمیریوں کو آج کی کانفرنس کے ذریعے پیغام دیتے ہیں کہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے،کشمیر،اسلام کی حفاظت کے لئے ہماری جانیں حاضر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پچھلے ایک سال سے چور چور کا شور ہے،پانامہ کے مقدمے چل رہے ہیں،اگرکوئی چور ثابت ہو تو وہ نااہل ہو جاتا ہے اسے وزارت عظمیٰ سے ہٹا دینا چاہئے۔انہوںنے کہا کہ کشمیر کی آزادی جہاد کے ذریعے سے ہو گی۔امریکہ کی طرف سے دہشت گرد قرار دینا سید صلاح الدین کے لیے اعزاز ہے،امریکہ و بھارت نے اعتراف کر لیا کہ وہ سید صلاح الدین سے ڈرتے ہیں۔ سید صلاح الدین نے کہا کہ سامراجی طاقتوں،اسلام دشمن قوتوں کو خوش کرنے کے لئے حافظ محمدسعید کو نظربند کیا گیا ہے،ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں رہا کیا جائے،وہ کشمیریوں کی آواز بلند کرتے ہیں۔ہم یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ اس ملک کی پالیسیاں ملک کے مفاد میں بن رہی ہیں یا سامراجی طاقتوں کو خوش کرنے کے لئے۔ غزوہ ہند جاری رہے گا۔ مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما سابق سینیٹر ظفر علی شاہ نے کہا کہ آج کی کانفرنس میں حافظ محمد سعید کی شدید کمی محسوس کر رہا ہوں،پاکستا ن کے دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی حکومت کو ایک درخواست کرنے آیا کہ شوق پورا کر لیا،سیاست بھی کر لی،واشنگٹن،دہلی کے کہنے پر نظربند رکھ لیا۔وزیر اعظم کو کہتاہوں کہ کشمیریوں و پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کو چوبیس گھنٹے رہا کیا جائے۔ ہدیۃ الھادی پاکستان کے چیئرمین پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھی،ہے اور رہے گی، مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ حافظ محمد سعید نے سال2017کو کشمیر کے نام کیا تو مودی نے امریکہ کے ذریعہ دبائو ڈلوا کر حافظ محمد سعید کو نظربند کروایا۔ شیخ جمیل الرحمان، مو لانا فضل الرحمان خلیل،شیخ جمیل الرحمان،خرم نواز گنڈا پور،احمد رضا قصوری،جنرل عبداللہ،محمد عثمان،محمود احمد ساگر،مولانا عبدالجلیل نقشبندی،حافظ عبدالغفارروپڑی،مولانا سیف اللہ خالد،قاری یعقوب شیخ،سید یوسف شاہ،عبداللہ حمید گل،شفیق الرحمان،مولانا بشیر احمد خاکی،سید عبدالوحید شاہ،اجمل خان بلوچ،راجہ ظفر اقبال،سید فقیرحسین بخاری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین