• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی ترقی کاراستہ روکنےوالوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی،پرویز ملک،عمران نذیر

لاہور(خصوصی نمائندہ) مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عوام ملکی ترقی کا راستہ روکنے والوں کے منفی طرز عمل اور منفی کردار کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، انارکی، انتشار اور الزام تراشی کی سیاست ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے زہر قاتل ہے۔اپنے ذاتی ایجنڈا کی تکمیل کی خاطر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے خواہشمند ہمیشہ کی طرح اب بھی ناکام ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور پارٹی دفتر میں ہنگامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی رمضان صدیق بھٹی چوہدری شہباز،ڈپٹی میئر مشتاق مغل، میاں طارق،سید توصیف شاہ، عامر خان، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،اظہر فاروقی،جاوید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنے والے عظیم لیڈر ہیں جن کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منزل کی جانب رواں دواں ہوا ہے اور منصوبوں میں شفافیت اور رفتار کے ایسے معیار قائم کئے گئے ہیں جس کی مثال پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں نہیں ملتی،ایسی مخلص قیادت پر بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں جس نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے اعلیٰ معیار قائم کئے ہیں اور قومی وسائل کو امانت سمجھ کر دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ کے منصوبوں پر صرف کیا ہے۔ قوم ملک پر 20 سال سے چھائے اندھیرے دور کرنے کے حوالے سے وزیراعظم محمد نوازشریف کے تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ترقی کا راستہ روکنے والوں کے منفی طرز عمل اور منفی کردار کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، چور دروازوں سے اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
تازہ ترین