• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عازمین حج کو آج سےحفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے

لاہور (نیوزرپورٹر)عازمین حج کو حفاظتی ٹیکے لگانے اورپولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا۔ ڈائریکٹر حج لاہور سعید احمد ملک نے بتایا کہ عازمین حج کو گردن توڑ بخار اور انفلوئنزا سے بچائو کے ٹیکے لگانے کے علاوہ پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ ضلع لاہور سے تعلق رکھنے والے عازمین کو حاجی کیمپ نکلسن روڈ ‘فیصل آباد والوں کو گورنمنٹ کو آپریٹو کالج سرگودھا روڈ جبکہ سیالکوٹ والوں کو جناح اسلامیہ کالج میں حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ عازمین حج سے کہا گیا ہے کہ وہ رش سے بچنے کے لئے اپنے فلائٹ شیڈول کے مطابق ٹیکے لگوانے کے لئے آئیں۔ پرائیویٹ سکیم کے حاجیوں کو بھی حفاظتی ٹیکے حاجی کیمپ میں ہی لگائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لئے حج گروپ آرگنائزر کو متعلقہ حج ڈائریکٹوریٹ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پرائیویٹ سکیم کے حاجی ٹیکے لگوانے کے لئے بعد دوپہر حاجی کیمپ آئیں۔ حاجیوں کو پولیو کے قطرے پینے اور گردن تو ڑ بخار کا ٹیکہ لگوانے کا ثبوت سعودی عرب میں داخلے کے وقت ائیرپورٹ پر پیش کرنا ہوگا۔ سعودی عرب پہنچنے پر انہیں سعودی وزارت صحت کی طرف سے بھی ائیر پورٹ پر ہی پولیو کے قطرے دوبارہ پلائے جائیں گے۔
تازہ ترین