• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں 94انسداد تجاوزات کارروائیاں‘ غیرقانونی تعمیرات مسمار

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اے کی انسداد تجاوزات مہم شہر کی خوبصورتی، قدرتی حسن اور سرسبز ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ماہ جون کے دوران 94انسداد تجاوزات مہم کے تحت کارروائیاں عمل میں لائی گئی اور 42ہزار 200روپے جرمانہ کی مد میں سرکاری خزانہ میں جمع کروائے گئے۔ انسداد تجاوزات مہم کے ذریعے شہر بھر سے غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے۔ انسداد تجاوزات کی مہم شہر بھر سے ہر قسم کی تجاوزات اور غیرقانونی تجاوزات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔ میئر اسلام آبادو چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کی ماہ جون کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے متعلقہ سینئر افسران بھی موجود تھے۔ میئر اسلام آبادو چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت کیلئے انسداد تجاوزات مہم کو مزید تیز کیا جائے۔ انسداد تجاوزات مہم کو موثر رابطہ کے ذریعے بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ مہم کے موثر نتائج کیلئے خصوصاً تاجر برادری اور تاجر تنظیموں کی سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی انسدادِ تجاوزات مہم میں معاونت کو یقینی بنایا جائے۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے اجلاس کو بتایا کہ ماہ جون کے دوران شہر بھر میں 94انسداد تجاوزات مہم کی کارروائیاں بلاامتیازو خوف عمل میں لائی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد تجاوزات مہم کو تیز کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی جس کے تحت متذکرہ بالا دورانیہ میں کی جانیوالی انسداد تجاوزات کی 94کارروائیوں کے دوران غیرقانونی تعمیرات گرائی گئیں جن میں10 غیرقانونی کمرے، 11غیرقانونی دیواریں، 4غیرقانونی دکانیں، 7کھوکے، ٹی سٹال اور چھپر ہوٹل،52 جھگیاں، 10فروٹ اور سبزی کے سٹال،29 بلڈنگ میٹریل اور سکریپ کے ڈپو کے علاوہ غیرقانونی طور پر اشیاء فروخت کرنیوالی گاڑیاں‘ انسداد تجاوزات کاروائیوں کے دوران 1563 باعث تجاوزات اشیاء کو قبضہ میں لے لیا گیا۔ متذکرہ بالا دورانیہ میں سیکٹر ای الیون میں ایک بند سڑک کو ایک بڑی انسداد تجاوزات کی کارروائی کر کے تجاوزات کو ختم کرتے ہوئے بند راستہ کو عوام کیلئے کھول دیا گیا۔ اسی طرح سرکاری اراضی کو غیرقانونی قبضہ سے واگزار کروانے کی کارروائی کے دوران تین افراد کو تھانہ سیکرٹریٹ کے حوالے کر دیا گیا۔ سیکٹر جی سکس میں ایک سرکاری رہائشگاہ پر غیرقانونی قبضہ بھی واگزار کروایا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیکٹر جی سیون ون میں ایک پبلک ٹائلٹ سے غیرقانونی قبضہ کو ختم کروانے کے ساتھ ساتھ 3 مقامات پر غیرقانونی پانی کے بور کرنے کے کام کو روک دیا گیا جبکہ15 غیرقانونی پانی کے کنکشن بھی ختم کئے گئے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ان کارروائیوں میں مختلف مقامات اور پلازوں میں غیر قانونی تعمیرات اور شٹرنگ کو بھی ختم کروایا گیا۔ مزید برآں سیکٹر ایف بارہ میں مین شاہراہ کے ساتھ تجاوزات کو ختم کرنے کی ایک بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ جس کے دوران ضلعی انتظامیہ، پولیس، تاجروں اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ متعلقہ عوامی منتخب نمائندوں کو کسی معاونت اور تعاون کو بھی یقینی بنایاگیا۔
تازہ ترین