• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونین کونسل 23،وارڈ تین، چار میں ترقیاتی کام نہ ہونے سےعوام کو مشکلات

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) راولپنڈی کی یونین کونسل 23کی وارڈ نمبر تین اور چار میں ترقیاتی کام نہ ہونے سے علاقے کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، گلیاں کھنڈر بنی ہوئی ہیں اور نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے حالیہ بارشوں میں پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ گورنمنٹ جامع ہائی سکول بارش کے بعد تالاب کا منظر پیش کرتے ہیں، علاقے کے رہائشیوں کے مطابق یونین کونسل 23کے چیئرمین صرف اپنے رہائشی علاقے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں،مذکورہ وارڈز کے کونسلروں نے مبینہ طور پر الزام لگا یا کہ یونین کونسل 23کے چیئرمین خالد سعید بٹ وارڈ تین اور چار کے کونسلروں کی سکیموں کو رد کردیتے ہیں اور فنڈروک رکھے ہیں، وارڈ چار میں فاروق اعظم روڈ کی گلی نمبر 8اور 9میں پانچ ماہ قبل پانی کے پائپ ڈالے گئے تھے لیکن ابھی تک ان گلیوں کو پختہ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے یہ گلیاں کھنڈر بن چکی ہیں جب ان وارڈز کے منتخب کونسلروں سے رابطہ کیا جاتا ہے تو ان کا موقف ہے کہ چیئرمین خالد سعید بٹ ان کے کام میں رکاوٹ ڈالتے ہیں اور ان کوفنڈز کا اجر اء نہیں کیا جا تا حالانکہ میئر راولپنڈی نے چیئرمین کو 50لاکھ روپے کے فنڈز حال ہی میں جاری کیے ہیں،وارڈ تین اور چار میں صفائی کی حالت ناگفتہ بہ ہےجبکہ گلیوں اور نالیوں کی صفائی کے لیے کوئی سوئیپر نہیں آتا جب اس سلسلے میں متعلقہ کونسلر سے کہا جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ بلدیہ کے سارے سوئیپر چیئرمین نے اپنے رہائشی علاقے میں صفائی پر مامور کیے ہوئےہیں اس حوالے سے چیئرمین خالد سعید بٹ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وراڈ تین اور چار میں کوئی مسلہ ہی نہیں ہے ان وارڈز کے کونسلر مخالفت کی بنیاد پر میرے اوپر الزام لگا رہے ہیں، جب ان سے فنڈز کے اجراء کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کو فنڈز بہت کم ملے ہیں اس لیے وہ سب کونسلروں کو نہیں دے سکتے علاقے کے مسائل پہلے بھی حل کیے ہیں آئندہ بھی کرتا رہوں گا، علاقے کے عوام نے میئر راولپنڈی سردار نسیم، ایم پی اے راجا حنیف ایڈوکیٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل 23میں علاقے کے مسائل حل کرانے کے لیے اقدامات کریں تاکہ چیئرمین اور کونسلروں کی آپس کی چپقلش کی وجہ سے وارڈ تین اور چار کے عوام متاثر ہونے سے بچ سکیں۔
تازہ ترین