• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہری ہزاروں روپے، قیمتی سامان اور ایک موٹرسائیکل سے محروم

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) رہزنی اورچوری کی 4وارداتوں میں شہری ہزاروں روپے، لاکھوں مالیت کے سامان اور ایک موٹرسائیکل سے محروم ہوگئے،بلدیہ تھانے کی حدود میں شادی ہال سے جیب کترے کو لوگوں نے رنگے ہاتھوں پکڑکر پولیس کے حوالے کردیا،اینٹی کارلفٹنگ سیل نے مضرصحت مین پوری کے خام مال سے بھراٹرک پکڑکر ڈرائیوراورکلینئر کو گرفتارکرلیاہے۔ تفصیلات کے مطابق مکی شاہ تھانے کی حدود قاضی قیوم روڈ پر محمد عاشق کی بیٹری کی دکان کے تالے توڑکر نامعلوم افراد 30ہزار روپے اور 4لاکھ روپے مالیت کی 50بیٹریاں چوری کرکے فرارہوگئے۔ بلدیہ تھانے کی حدود میں سٹی گیٹ کے قریب دومسلح افراد نے شاہی بازار کے رہائشی محمد فرزند انصاری سے 15ہزار روپے،3سادہ چیک، اے ٹی ایم،این آئی سی کارڈ ودیگر اشیاءچھین کرفرارہوگئے۔ جبکہ گوٹھ محمدبخش شورو میں نامعلوم افراد نے معیزہ فاطمہ کے گھرمیں الماریوں کے تالے توڑکر 50ہزارروپے نقداور 2موبائل فون چوری کرلئے، گھمن آباد سے نامعلوم افراد ایک شخص کی موٹرسائیکل چوری کرکے فرارہوگئے۔ جامشورو روڈ پر ایک شادی ہال میں جیب کاٹنے والے شخص کولوگوں نے پکڑکر اس کی تلاشی کے دوران جیب سے نکالے گئے پرس اورموبائل فون برآ مدکرکے اسے بلدیہ پولیس کے حوالے کردیا، علاوہ ازیں اینٹی کارلفٹنگ سیل نے جامشورو روڈ پر چیکنگ کے دوران مضرصحت مین پوری،گٹکے اور اس کاخام مال لے جانے والا ٹرک تحویل میں لے کر ڈرائیور غلام محمدولد یار محمد اعوان اورکلینرممتاز سکنہ بلدیہ کراچی کوگرفتارکرکے 6سو مین پوری،4سو گٹکے اور 35بوری مین پوری کاخام مال جس میں چھالیہ کا چورا اور تمباکو شامل تھابرآمدکرلیا، بعدازاں گرفتارملزمان کے خلاف بلدیہ تھانے میں ایف آئی آر درج کرادی۔
تازہ ترین