• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہاجرین کے مسائل پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا‘ آل پارٹیز ریفیوجیز کونسل

مظفرآباد( نا مہ نگار)آل پارٹیز ریفیوجیز کونسل کے امیر نشاد احمد بٹ نے کہا ہے کہ مہاجرین کے مسائل پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا‘ مہاجرین نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر ملازمتیں فراہم کی جائیں‘ وزیراعظم آزادکشمیر مہاجرین کے گریڈ 1سے لیکر 20تک کے 6فیصد کوٹہ کو بحال کریں ‘ مہاجرین کیمپوں میں زندگی گزرانے کی بنیادی سہولیات فراہم کریں‘مہاجرین کے 6نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد تک چین سے نہیں بیٹھیں گے وزیراعظم ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے کردار اد ا کریں ‘ ان خیالات کااظہار انہوںنے اپنے ایک بیان میں کیا ‘ کونسل کے امیر کا کہنا تھاکہ تحریک آزادی کا درد ہم سے زیادہ کسی کو نہیں آج ہمارے ہی بھائی، بیٹے اور ہماری بہنیں مقبوضہ کشمیر میں شہید ہو رہے ہیں ،حکومتیں کہتی ہیں کہ کشمیری ہمارے جسم کا حصہ ہیں مگر ہم سے روٹی کا نوالہ چھینا جارہا ہے۔کیمپوں کے اندر ڈسپنسری سمیت پرائمری سکولز قائم کئے جائیں تاکہ مہاجرین بچے تعلیم حاصل کر سکیںاور انہیں صحت کی بنیادی سہولیات میسر آسکیں ۔کیمپوں کے اندر دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ پانی کا مسئلہ بھی اہمیت کا حامل ہے جس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے ‘ کیمپوں کے اندر کے مسائل دن بدن بڑھ رہے ہیں دس سالہ تاریخ میں ان مسائل پر کبھی کسی نے توجہ نہیں دی جو کہ لمحہ فکریہ ہے ‘ اب اس طرح کے عمل کو بردارشت نہیں کیا جائے گا حکومت صحیح معنوں میں مہاجرین کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردارادا کرتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بنائے ۔
تازہ ترین