• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کی جے آئی ٹی رپورٹ کے مزید تین سیٹ اور والیم ٹین کے حصول کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست

Todays Print

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاناما پیپرز لیکس کیس کی تحقیقات پر مامور جے آئی ٹی رپوٹ کے مزید تین سیٹوں کے حصول کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرادی ہے جس میں نیب کی جانب سے جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم ٹین بھی فراہم کر نے کی استدعا کی گئی ہے۔

جمعہ کے روز دائر کی گئی درخواست میں مو قف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے چار ریفرنس دائر کرنے ہیں اور ان چاروں ریفرنسز کے ساتھ رپورٹ کی مصدقہ کاپی لف ہو نا ضروری ہے، اس لیے اس رپورٹ کے مزید تین سیٹ فرا ہم کیے جا ئیں جبکہ ان کے ساتھ ساتھ رپوٹ کا والیم دس بھی دیا جائے، یاد رہے کہ نیب اس سے قبل جے آئی ٹی رپوٹ کا ایک سیٹ وصول کر چکی ہے ، تاہم نیب کی درخواست پر سپریم کورٹ کی جانب سے جے آئی ٹی رپوٹ کے نو والیم تو دے دیئے گئے تھے جبکہ والیم دس کو رجسٹرار آفس کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط کرتے ہوئے دینے سے انکار کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب نیب کا موقف ہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے جے آئی ٹی کی مکمل رپورٹ کی بنیاد پر اسے ریفرنسز دائر کرنے کی ہدایت کی ہے ،واضع رہے کہ سپریم کورٹ کے پا نچ رکنی بنچ نے28جولائی کو اپنے فیصلے میں چیئرمین نیب کو سابق وزیر اعظم میاںنواز شریف ان کے بیٹے حسن ،حسین، بیٹی مریم ،دامادکیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف مختلف الزامات میں چار الگ الگ ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا تھا،دوسری جانب جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا نے اسلام آباد سے باہر بھی سیکورٹی کی فراہمی کیلئے رجسٹرار سپریم کورٹ کو درخواست دی ہے،جس پرر جسٹرار آفس کی ہدا یت پر وزارت داخلہ نے ان کی سیکورٹی سے متعلق احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

تازہ ترین